اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ 16 اداروں میں آئی ٹی کی تعلیم شروع کی گئی ہے، ڈیٹاانالیسز،بلاک چین اور اے آئی سمیت پانچ کورسز کوپروموٹ کیا جارہاہے۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران آسیہ نازتنولی کے سوال پرپارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر نے ایوان کوبتایا کہ 16اداروں میں آئی ٹی کی تعلیم شروع کی گئی ہے، ڈیٹاانالیسز،بلاک چین اور اے آئی سمیت پانچ کورسز کوپروموٹ کیا جا رہاہے، یہ ساراعمل نیوٹیک کے تحت ہے جس کیلئے بجٹ بھی مختص کردیاگیاہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہرطالب علم کوایک لاکھ پانچ ہزارروپے وظیفہ دیا جارہاہے، اس عمل میں پانچ یونیورسٹیاں ہیں جن میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی،نمل، جی آئی کے، این ایس یو اورنسٹ شامل ہیں، اس میں ففتھ سمسٹروالے طلبا داخلہ کے اہل ہیں، ان کی کلاسز شام میں ہوتی ہیں، نیوٹیک اس کی باقاعدگی سے نگرانی کرتاہے، یہ ابھی پائلٹ پراجیکٹ ہے، کامیایی کی صورت میں اسے سکولوں میں جاری کیا جائے گا۔
سیدرفیع اللہ کے سوال پرانہوں نے کہاکہ ملیرمیں کورس کے آغاز کے حوالہ سے وزیرکے ساتھ ان کی بات ہوئی ہے، پیشرفت سے ایوان کوآگاہ کیاجائے گا۔شہزادہ گستاسپ خان کے سوال پرانہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں کوئی پبلک چارٹرڈوفاقی یونیورسٹی نہیں ہے تاہم دووفاقی چارٹرڈ یونیورسٹیوں کے کیمپس صوبے میں قائم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پہلی کھیپ میں بلوچستان میں 40اوردوسری مرتبہ 200لیپ ٹاپس فراہم کئے گئے۔وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے ایوان کوبتایا کہ گزشتہ سال وزیراعظم نے جب لیپ ٹاپ سکیم کااعلان کیاتھا توہم نے ایک لاکھ لیپ ٹاپ خریدے تھے، اس سے پہلے یوتھ پروگرام کے تحت بھی ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی فراہمی کی گئی تھی، گزشتہ سال لیپ ٹاپ سکیم میں وزیراعظم نے خود بلوچستان کاکوٹہ 16فیصدسے بڑھا کر20فیصدکردیاتھا۔ شاہدہ رحمانی کے سوال پر فرح ناز اکبر نے بتایا کہ نیوٹیک کی جانب سے لیپ ٹاپ کی فراہمی کیلئے طریقہ کاروضع کیاگیاہے، ویب سائٹ پرایک فلوچارٹ بھی مرتب کیاگیاہے۔
صدر نشین عبدالقادرپٹیل نے پارلیمانی سیکرٹری کوہدایت کی کہ وہ آئندہ روٹرڈے پرسندھ میں لیپ ٹاپس کی فراہمی کے حوالہ سے تفصیلات سے ایوان کوآگاہ کردیں۔ثمینہ خالد گھرکی کے سوال پرانہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کے بعد تعلیم صوبوں کے پاس ہے، ہمارا صوبوں کے ساتھ براہ راست رابطہ بحال ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573525