ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید سے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علما و محکمہ اوقاف عہدیدران کی ملاقات

261
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید سے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علما و محکمہ اوقاف عہدیدران کی ملاقات

لاہور۔6مارچ (اے پی پی):ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید سے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علما اور محکمہ اوقاف عہدیدران نے ملاقات کی۔ عاصم جاوید کی جانب سے قرآن و حدیث کی روشنی میں خوراک میں ملاوٹ سنگین جرم کا عوام کو درس دینے کی سفارش کی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ رمضان المبارک میں ملاوٹ پر درس و تدریس،خطبات میں اسلامی قوانین کے بارے میں آگاہی دی جائے، خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی گناہ کبیرہ ہے

،اس گناہ سے بچنے کے لیے عوام الناس کو ممبر و محراب سے آگاہی دی جائے گی،جمعتہ المبارک اور عیدکے خطبات میں ملاوٹ کرنے پر سزاو جزا کے بارے آگاہ کیا جائے،پنجاب فوڈ اتھارٹی صحت دشمن عناصر کے تمام حربوں کے حوالے سے علما کو آگاہ کرے گی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا ممبر و محراب سے آگاہی اور تربیت سے ملاوٹ اور جعلسازی کے خاتمے میں مدد ملے گی،علما اکرام کامعاشرے کی تربیت و اصلاح میں کردار انتہائی اہم ہے،

علما اکرام عوام تک محفوظ خوراک کی فراہمی کے مشن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا دست و بازو بنیں۔مزید برآں اس موقع پر خطیب مسجد داتا دربار مفتی رمضان سیالوی نے کہا آج ہم محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کھا رہے ہیں تو اسکا سہرا پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سر ہے،پنجاب بھر میں ہر ماہ ایک جمعے کاخطبہ خوراک اور ملاوٹ کے موضوع پر ہو گا۔مفتی محمد رمضان سیالوی نے مزید کہا کہ معاشرے کی اصلاح کی ذمہ داری ہماری ہے، پنجاب میں مل کر ملاوٹ کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔