27.7 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومضلعی خبریںڈی جی واسا پنجاب کی زیر صدارت پہلا اعلی سطحی اجلاس ،...

ڈی جی واسا پنجاب کی زیر صدارت پہلا اعلی سطحی اجلاس ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا

- Advertisement -

لاہور۔8مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی (واسا) پنجاب کو مزید فعال اور موثر بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل واٹر اینڈ سینی ٹیشن اتھارٹی پنجاب طیب فرید کی زیر صدارت پہلا اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایم ڈی واسا لاہور، ایم ڈی واسا راولپنڈی، ایم ڈی واسا ملتان، ایم ڈی واسا گوجرانوالہ اور ایم ڈی واسا فیصل آباد سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈی جی واسا پنجاب کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں تمام شہروں میں پانی کی نکاسی و فراہمی کے نظام، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی شکایات کے حل کے حوالے سے تفصیلات پیش کی گئیں۔ڈی جی واسا پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام واسا افسران کو ہدایات جاری کیں کہ نکاسی آب اور فراہمی آب کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر مزید بہتر بنایا جائے، عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے موثر مانیٹرنگ سسٹم متعارف اور پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اعلان کیا کہ پہلے مرحلے میں ڈی جی خان، ساہیوال، بہاولپور اور سرگودھا ڈویژن میں واسا اتھارٹی کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا تاکہ ان علاقوں میں بھی نکاسی و فراہمی آب کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔

- Advertisement -

ڈی جی واسا پنجاب نے تمام ایم ڈیز کو ہدایت دی کہ وہ خود فیلڈ میں جا کر نکاسی و فراہمی آب کے معاملات کا جائزہ لیں اور اپنی رپورٹس براہ راست پیش کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ،اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے اور تمام میگا پروجیکٹس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈی جی واسا پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے جدید وسائنسی طریقے اپنائے جائیں اور ترقیاتی منصوبوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا جلد از جلد حل ممکن بنایا جا سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570327

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں