ڈی سی اسلام آباد کا رمضان بازاروں کا دورہ،قیمتوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا

165

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے ہفتہ کو سیکٹر G-6 میں رمضان بازار کا اچانک دورہ کے دوران پرائس کنٹرول اور اشیائے خوردونوش کی کوالٹی کو چیک کیا ۔ انہوں نے خریداروں سے براہ راست بات چیت کی، دکانداروں کی ریٹ لسٹوں کا معائنہ کیا اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ ماہ مقدس کے دوران بازاروں کی چوبیس گھنٹے نگرانی کو یقینی بنائیں۔

دورے کے دوران عرفان نواز میمن نے صارفین سے ضروری اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں بات کی اور متعدد سٹالز پر پھلوں اور سبزیوں کے معیار کو چیک کیا۔انہوں نے اشیاء کی مسلسل فراہمی کی ضرورت پر زور دیا اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے لیے ہر وقت بازاروں میں موجود رہیں۔

عرفان نواز میمن نے سٹالز پر آویزاں ریٹ لسٹوں کا جائزہ لیا، دکانداروں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی مقرر کردہ قیمتوں پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے اوور چارجنگ کے خلاف خبردار کیا اور شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے کسی دکاندار کو رپورٹ کریں۔

"اگر کوئی بیچنے والا قیمت کی فہرست کو نظر انداز کرتا ہے توانتظامیہ کو فوری طور پر مطلع کریں۔ڈی سی اسلام آباد نے مارکیٹ ٹیموں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ روزمرہ استعمال کی اشیاء جیسے آٹا، چینی اور کوکنگ آئل کے بلاتعطل سٹاک کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے زور دیا کہ مجسٹریٹس کو ذخیرہ اندوزی اشیائے خوردونوش کی قلت کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے۔س موقع پر حکام نے تصدیق کی کہ اسلام آباد کے رمضان بازاروں میں روزانہ 20 سے زائد پرائس کنٹرول ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔ یہ ٹیمیں جرمانے جاری کرتی ہیں، زائد قیمت کا سامان ضبط کرتی ہیں، اور بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس معطل کر دیتی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے رہائشیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ خریداری سے پہلے ریٹ لسٹ چیک کریں اور منظور شدہ قیمتوں سے زیادہ قیمت وصول کرنے والے دکانداروں سے خریداری سے گریز کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر ضلعی ہیلپ لائن کے ذریعے شکایات کی اطلاع دی گئی تو گھنٹوں میں حل کر دیا جائے گا۔