سیالکوٹ۔ 08 اپریل (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسیالکوٹ فیصل شہزاد نے ڈی پی او آفس میں نئے ترقی یاب ہونے والےپولیس افسران کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں 37 افسران کو رینک لگائے گئے۔ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او آفس سیالکوٹ میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر سے سب انسپکٹر،ہیڈکانسٹیبل سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل کے عہدہ پر ترقی پانے والے 37 افسران کے اعزاز میں ایک پروقار، سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ڈی پی او فیصل شہزاد نے ترقی پانے والے افسران کے فیملی ممبران کے ہمراہ انہیں نئے عہدے کے رینک لگائے۔ڈی پی او نے افسران کو مبارکباد دی اور انکے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کا کہنا تھا کہ پولیس سروس میں محکمانہ پروموشن درحقیقت ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے لہٰذا پروموٹ ہونے والے افسران قانون کے یکساں نفاذ، میرٹ کی پاسداری اور بہترین سروس ڈلیوری سے شہریوں کی خدمت اور تحفظ کو شعار بنائیں۔