فیصل آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شہزاد اکرم نے کہا ہے کہ پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت رجسٹریشن کا عمل سست رفتاری کا شکار ہے لہٰذا سیکرٹریز اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لائیں۔مساجد میں اعلانات کرائیں اور کم از کم 50 رجسٹریشن فی یونین کونسل روزانہ لازمی کریں۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیکرٹری یونین کونسلز کی طرف سے انٹرنیز کے ساتھ عدم تعاون کی بھی شکایات ہیں جسے قطعا ًبرداشت نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ امیر غریب کی تفریق کئے بغیر سب کی رجسٹریشن کرائیں۔عوامی سہولت کے لئے ہر گاؤں / وارڈ میں رجسٹریشن کیمپ لگا کر تمام لوگوں کی رجسٹریشن کرائیں ، 15 فروری تک ہر یونین کونسل نے اپنی مکمل آبادی کو رجسڑڈ کرنا ہے۔
15 فروری تک اتوار کی چھٹی منسوخ ہے اور یونین کونسلز دفاتررجسٹریشن کے لئے کھلے رہیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈیش بورڈ پر فیملی رجسٹریشن کی تعداد ہی آپ کے رجسٹریشن انٹرن کی کارکردگی اورسیکرٹریز کے تعاون کو جانچنے کا پیمانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری یونین کونسل دفتر میں دفتری اوقات کار کی پابندی یقینی بنائیں،یونین کونسل نکاح رجسٹر جاری کرنے کی پابند ہے،نکاح رجسٹرار کے پاس پہلے سے موجود رجسٹر کے ہر پرت پر سیکرٹری یونین کونسل اپنے دستخط اور مہر ثبت کریں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ کس یونین کونسل نے رجسٹر جاری کیا ہے ، نکاح رجسٹرار کو ہدایت کریں کہ دوران نکاح تمام کوائف نکاح پرت پر درج کریں۔ نکاح خواں کے ساتھ نکاح رجسٹرار کا نکاح کی تقریب میں موجود ہونا لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفتر یونین کونسل میں نکاح رجسٹرار صاحبان کی فہرست آویزاں کریں، طلاق موثر سرٹیفکیٹ اور لیٹ اندراج پیدائش و اموات اور کینسل سرٹیفکیٹ بغیر اجازت مجاز آفیسر ہر گز جاری نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کا تمام ریکارڈ مکمل کریں،دفتر یونین کونسل میں مناسب صفائی کو یقینی بنائیں۔