کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے این پی پی ایم سی ایل کی نجکاری کیلئے مالیاتی مشیرکودوبارہ انگیج کرنے اور ملتان میں واقع ٹی سی پی کے پلاٹ پرکولڈسٹوریج کے قیام کی تجویز کی منظوری دیدی

238

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے نیشنل پاورپارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی نجکاری کیلئے مالیاتی مشیرکودوبارہ انگیج کرنے اور ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع ٹی سی پی کے پلاٹ پرکولڈسٹوریج کے قیام کی تجویز کی منظوری دیدی ہے۔ کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کااجلاس بدھ کویہاں وزیرخزانہ ومحصولات مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت منعقدہوا، اجلاس میں وزیردفاع خواجہ محمدآصف، وزیربجلی خرم دستگیرخان، وفاقی وزیرصنعت وپیداوارسیدمرتضیٰ محمود، وزیرتجارت سید نوید قمر، وزیرنجکاری عابدحسین بھائیو، سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی، وزیراعظم کے رابطہ کار برائے معیشت بلال اظہرکیانی، وفاقی سیکرٹریزاورسینئیرافسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں نجکاری کمیشن کی جانب سے نیشنل پاورپارکس منیجمنٹ کمپنی لیمیٹڈ کیلئے مالیاتی مشیرکے حوالہ سے سمری پیش کی گئی، کمیٹی کوبتایاگیاکہ نیشنل پاورپارکس منیجمنٹ کمپنی لیمیٹڈ کیلئے مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے پر 29 اپریل 2022 کو نجکاری کمیشن اورمیسرز کریڈٹ سوئس سنگاپور نے دستخط کئے۔اجلاس کوبتایاگیا کہ حکومت ملک میں بجلی کے شعبہ میں نجی شعبہ کی سرمایہ کاری اورمہارت کی دعوت دینے میں پرعزم ہے۔

وفاقی حکومت کی کوششوں کے نتیجہ میں بین الاقوامی سرمایہ کاراب ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی کااظہار کررہے ہیں، اجلاس میں نیشنل پاورپارکس منیجمنٹ کمپنی لیمیٹڈ کی نجکاری کیلئے مالیاتی مشیرکودوبارہ انگیج کرنے کی اجازت دی گئی۔اجلاس میں ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع ٹی سی پی کے پلاٹ نمبر 42 سے متصل 15 ایکڑ کے پلاٹ کونجکاری کی فہرست سے نکالنے کی تجویز کاجائزہ لیاگیا۔

اجلاس کوبتایاگیاکہ مذکورہ پلاٹ کی نیلامی کیلئے 2020 میں پراسیس شروع کیاگیا تاہم اس عمل میں کسی نے حصہ نہیں لیا۔ اجلاس کوبتایاگیاکہ ٹی سی پی نے پاکستان فروٹس اینڈویجیٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی مشاورت اورعلاقہ کی ضروریات کے مطابق یہاں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت کولڈسٹوریج کے قیام کا عمل شروع کیا، کمیٹی نے اس تجویز کی منظوری دی اورٹی سی پی کو6 ماہ کی مدت میں فیزایبلٹی رپورٹ تیارکرنے کی ہدایت کی۔