کاشتکاروں کوقبل از وقت دھان کی پنیری کاشت نہ کرنے کی ہدایت

156
Department of Agriculture

فیصل آباد ۔ 08 اپریل (اے پی پی):محکمہ زراعت نے فیصل آباد ڈویژن کے اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر کے چاول کی کاشت کے علاقوں میں قبل از وقت دھان کی پنیری کاشت کرنیوالے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قبل ازوقت دھان کی کاشت سے گریز کریں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مالی نقصان کاسامنا نہ کرناپڑے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ تنے کی سنڈیاں دھان کے پودوں پر انڈے دیتی ہیں اسلئے اگر اپریل سے لیکر مئی کے وسط تک دھان کی پنیری کاشت کر دی جائے تو یہ سنڈیاں ان پر انڈے دینا شروع کر دیتی ہیں جس کے باعث نہ صرف سنڈیوں کی تعداد میں برق رفتاری سے اضافہ ہو نا شروع ہو جاتا ہے بلکہ یہ سنڈیاں دھان کی فصل پر حملہ کر کے اس کو نقصان پہنچانے کا بھی موجب بنتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم، کپاس، کماد کی طرح چاول کی فصل بھی ایک انتہائی اہم اور نقد آور فصل ہے جس کی بہتر پیداوار حاصل کر کے نہ صرف ملکی غذائی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے بلکہ اضافی پیداوار برآمد کر کے زر مبادلہ بھی حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کاشتکار بہتر پیداوار اور مالی منفعت کے حصول کیلئے محکمہ زراعت کی ہدایا ت پر عملدر آمد یقینی بنائیں گے۔