کاشتکاروں کو کریلے اور موسم گرما کی دیگر سبزیوں سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کی ہدایت

82
vegetable and fruit market
vegetable and fruit market

فیصل آباد۔ 13 مئی (اے پی پی):شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباد نے کاشتکاروں کوکریلے اور موسم گرما کی دیگر سبزیوں سبز مر چ،گھیا توری، گھیا کدو وغیرہ سے جڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ سبزیوں کے کاشتکارموسم گرما کی سبزیوں کی بہتر پیداوار کےلئے گوڈی کے ذریعے جڑی بوٹیاں تلف کرنے کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ آخری گوڈی کے وقت پودوں کے ساتھ مٹی چڑھائی جائے اور موسم گرما کی سبزیوں کی صحت مند فصل حاصل کرنے کےلئے 8 سے 10دن کے وقفہ سے آبپاشی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہفتہ میں 2بار سبزیوں کی پیسٹ سکاؤٹنگ کے بھی انتہائی مفید نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کاشتکاروں کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی سفارش کی کہ وہ گھریلو پیمانے پر کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت زیادہ سے زیادہ سبزیاں اگانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ سبزیوں کی تازہ اور صحت مند پیداوار حاصل ہو سکے۔