40.5 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 17, 2025
ہومزرعی خبریںکاشتکار پودوں کو سردی وکورے سے بچانےکےلئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر...

کاشتکار پودوں کو سردی وکورے سے بچانےکےلئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل درآمد کریں،ترجمان

- Advertisement -

لاہور۔9جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے سبزیوں اور باغات کو سردی اور کورے سے محفوظ رکھنے کی حکمت عملی جاری کر دی۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا ہے کہ زیادہ سردی اور کورے کے باعث پودوں کے تنوں، شاخوں اور پتوں کے خلیوں میں پانی جم کر برف بن جاتا ہے جس سے پودوں کی بڑھوتری بری طرح متاثر ہوتی ہے اور شدید سردی کی وجہ سے پودے مر بھی جاتے ہیں اس لئے کاشتکار پودوں کو زیادہ سردی اور کورے سے بچانے کے لئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ باغات کو سخت سردی سے بچانےکےلئے پودوں کے تنوں پر چونے اور نیلے تھوتھے کے محلول سے سفیدی کرنی چاہیے اس سے سردی کا اثر کافی حد تک کم ہوجاتا ہے اس کے علاوہ پودوں کے تنے کے گرد پرانی بوری یا پرالی لپیٹ کر بھی سردی کے اثرات کو کم کیا جاسکتا ہے۔

کیڑے اور بیماریاں پودوں کو کمزور کر دیتی ہیں اس لئے ان کا بروقت تدارک کیا جانا ضروری ہے تاکہ پودے تندرست اور توانا رہیں۔ کاشتکار کہر کی متوقع راتوں کو آبپاشی ضرور کریں کیونکہ آبپاشی کرنے سے زمین کے درجہ حرارت میں خاطر خواہ کمی واقع ہوتی ہے اور پودا سردی کے متوقع اثرات سے محفوظ رہتا ہے، علاوہ ازیں باغبان مختلف جگہوں پر گڑھے کھود کر ان میں پتے،گھاس پھوس،بھوسہ یا پرالی وغیرہ جلا کر دھواں پیدا کر کے بھی کورے کے اثرات کو کم کر سکتے ہیں۔

- Advertisement -

باغات میں پودوں کی عمر کے مطابق پودوں کے گھیرے میں گلا سڑا گوبر بکھیرنے سے زمینی درجہ حرارت میں تبدیلی کو روک کر کورے کے ممکنہ نقصان سے کافی حد تک بچایا جا سکتا ہے۔نرسری میں پھلدار پودوں کو شیشم وغیرہ کی شاخوں سے اس طرح ڈھانپیں کہ دن کے وقت سورج کی روشنی ان پر پڑتی رہے۔نرسری میں نازک پودوں کو سخت سردی سے بچانےکے لئے خصوصی انتظامات کرنے چاہیں۔کاشتکار چھوٹی سبزیوں اور نرسریوں کو رات کے وقت پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیں اس کے علاوہ فصل کے شمال کی طرف سرکنڈا لگا دیں تاکہ فصل شمال کی طرف آنے والی ٹھنڈی ہوا سے محفوظ رہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=544063

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں