سمبڑیال۔ 06 مئی (اے پی پی):سینئر فیلڈ آفیسر محکمہ زراعت سمبڑیال لیاقت علی نے کہا ہے کہ کاشتکار جنہوں نے کسان کارڈ کے ذریعے بلا سود قرض حاصل کیا ہے وہ استعمال شدہ رقم کی ادائیگی 15 مئی سے پہلے کردیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کسان کارڈ رکھنے والے کسانوں کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کے پروگرام (کسان خوشحال پنجاب خوشحال )کے تحت کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں نے اپنے فصل کیلئے بغیر سود کے سپرے ،بیج اور کھاد خرید کر اپنی فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کیا، ان سے گزارش ہے کہ وہ استعمال شدہ رقم کی ادائیگی جلد از جلد یقینی بنائیں اور استعمال شدہ رقم جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 مئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں وہ کاشتکار کسان کارڈ استعمال کرسکیں گے جو پہلے اپنی رقم جمع کروا چکے ہوں گے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے قرض کی ڈیڑھ لاکھ سے بڑھا کر3 لاکھ تک کردی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بلا سود قرض کی حد ڈیڑھ لاکھ تھی اور فیز ٹو میں بڑھا کر 3 لاکھ کردی گئی ہے، پہلے فیز میں ملکیتی اراضی کی حد ایک سے ساڑھے 12 ایکڑ تھی اور اب ایک تا 25 ایکڑ کردی گئی ہے،فیز ون میں بلا سود قرض کی حد 5 ایکڑ تھی اور اب 10 ایکڑ تک کردی گئی ہے، فیز ون میں پراسیسنگ چارجز ایک ہزار فی ایکڑ تھے اور اب فیز ٹو میں کوئی چارجز نہیں ہیں، اسی طرح فیز ون میں نقد رقم نکلوانے میں تاخیر تھی اور اب فیز ٹو میں 30 فیصد رقم نکلوانے کی فوری سہولت ہوگی، فیز ون میں ڈیزل کی خریداری کی سہولت نہ تھی اور اب فیز ٹو میں کل قرض کا 20 فیصد ڈیزل کے لئے مختص کیا گیا ہے،
آخر میں انہوں نے بتایا کہ بیج و کھاد کی خریداری کی سہولت تھی اور اب فیز ٹو میں بیج کھاد و پیسٹ سائیڈز خریداری کی سہولت بھی موجود ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معلومات کیلئے ایگری کلچر کی ہیلپ لائن 0800-17000 پر رابطہ کریں۔