کاشت کاروں کی محنت ضائع نہیں ہونے دیں گے،کپاس کی فصل کو سفید مکھی سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔محسن نقوی

107

لاہور۔12ستمبر (اے پی پی):کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے حملہ کے پیش نظرنگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے سیکرٹری زراعت افتخار سہو کو ہنگامی بنیادوں پرفوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔سیکرٹری زراعت آج ہی جام پور جا کر حفاظتی اقدامات کی نگرانی کریں گے۔

سفید مکھی کے تدارک کی مہم کے دوران پاک فوج کے تعاون سے ہیلی کاپٹرز اور ڈرون کے ذریعے جنوبی پنجاب میں کپاس کی فصل پر سپرے کیا جائے گا۔ دو ڈرونز کے ذریعے راجن پور کے علاقے میں سپرے شروع کیا جارہا ہے اورجام پور میں 300ایکڑ پرایک ہزار لٹرموثر پیسٹی سائیڈسپرے کیا جائے گا۔

راجن پور اور بہاولپور کے اضلاع میں سپرے کے لئے 1400 ہائی پریشر سپرے مشین استعمال کررہا ہے اور کاٹن زونز میں وافر مقدار میں نہری پانی کی دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔

پاک فوج نے سپرے کے لئے ہیلی کاپٹر اور ڈورنز فراہم کر دیئے ہیں ۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ کاشتکاروں کی محنت ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ کپاس کی فصل کوسفید مکھی کے حملے سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ متاثرہ علاقوں میں مفت سپرے کیا جارہا ہے۔ کاشتکاروں کو تکینکی معاونت اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے آگاہی دی جا رہی ہے۔وزیراعلی کی ہدایت پر محکمہ زراعت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔