کامسٹیک کے زیراہتمام جانوروں سے پھیلنے والی وبائوں کے موضوع پر ویبینار کا انعقاد

118
COMSTEC
COMSTEC

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد میں کامسٹیک نے جمعرات کو جانوروں سے پھیلنے والی وبائوں کے موضوع پر ویبینار کا انعقاد کیا۔ ویبینار میں ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد میں تعینات سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر طارق محمود علی نے لیکچر دیا۔

یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ صحت کا تصور ایک باہمی تعاون پر مبنی نقطہ نظر ہے جو انسانوں، جانوروں اور ماحولیاتی صحت کے باہمی روابط پر زور دیتا ہے، یہ نقطہ نظر ایسی متعدی بیماریوں جیسے ریبیز، سارس اور کووڈ سے نمٹنے کے لیے بہت اہم ہے جو جانوروں سے انسانوں تک پہنچتی ہیں۔

ڈاکٹر طارق محمود علی نے ون ہیلتھ فریم ورک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انسان اور جانوروں کے باہمی تعامل میں اضافہ صحت کے اہم بحرانوں کا باعث کیسے بن سکتا ہے۔ انہوں نے زونوٹک وباء کے انتظام میں جانوروں کی صحت کے اہم کردار پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ کس طرح ویٹرنری خدمات جانوروں اور انسانوں کے درمیان منتقل ہونے والی بیماریوں کو روکنے اورکنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے سرکاری اور نجی ویٹرنری خدمات کے درمیان تیاری، جلد تشخیص، موثر رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے وبائی امراض سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ شعبہ جات میں مربوط ہم آہنگی اور تعاون پر زور دیا۔ ویبینار میں او آئی سی کے مختلف رکن ممالک سے پچاس سے زائد شرکاءنے شرکت کی۔