کراچی۔9فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈارنے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 5 ارب روپے سندھ میں تقسیم کیے گئے ہیں جبکہ 3 ارب روپے صرف کراچی میں قرضوں کی صورت میں تقسیم کیے ہیں، کراچی میں کامیاب دکاندار پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کامیاب جوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔
پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی فہیم خان اور راجہ اظہر کی جانب سے کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں میں چیک تقسیم کرنے کے لئے کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کورنگی میں منعقدہ کنونشن میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
کامیاب نوجوان پروگرام میں معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور گورنرسندھ عمران اسماعیل نے 25 نوجوانوں میں 12 کروڑ 24 لاکھ 49 ہزار 400 روپے کے چیکس تقسیم کئے۔ عثمان ڈارنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کو ایک ہزار ارب کا پیکج دیا ہے جبکہ کے فور منصوبہ اور گرین لائن منصوبہ بھی وزیر اعظم نے کراچی کو دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کا مشکور ہوں کہ وہ پی ٹی آئی کی بہترین نمائندگی کرتے ہیں جبکہ کراچی میں ترقی کا سہرا گورنر سندھ کے سر جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام ایک شفاف پروگرام ہے، پی ٹی آئی کے ورکرز میرٹ پر اترتے ہیں اور میں ورکرز کو کہنا چاہتا ہوں کہ کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنیں، ورکرز نے وزیراعظم کی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ پر جائیں اور قرضوں کیلئے اپلائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں کامیاب دکاندار پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے کراچی میں 2 ہزار دکانیں کھولی جائیں گی۔ 20 لاکھ روپے تک بغیر سیکیورٹی قرضے دئیے جائیں گے، ایک کروڑ قرضوں کی حد کو بڑھا کر 2.5 کروڑ کردی گئی ہے، حکومت نے یہ پروگرام نوجوانوں کیلئے شروع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 25 ارب روپے خواتین کیلئے مختص کیے گئے ہیں جبکہ3 ارب روپے خواتین میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 6 بینک کے صدور سے ملاقات کرچکے ہیں اور بینک کے صدور نے قرضوں کے عمل میں مشکلات میں کمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت روشن اور زبردست ہے۔ میری نوجوانوں سے گزارش ہے اس پروگرام کا حصہ بنیں۔
عثمان ڈار نے کہا کہ ملک کی اکانومی تیزی سے بڑھ رہی ہے، کراچی کے لوگوں نے جو پیار دیا کبھی فراموش نہیں کروں گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ عمران اسماعیل نے عثمان ڈار کی کراچی آمد پران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہی وہ اصل تبدیلی کا وعدہ ہے جو وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم پورا کررہی ہے، کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو خودمختار کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے ہاتھ میں پاکستان کا مستقبل ہے،نوجوانوں اس پروگرام سے استفادہ حاصل کریں اور امانت سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں پر بھروسہ کیا ہے اور ملک کی ترقی اس بھروسے پر قائم ہے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ عمران خان اگلے دس سال بھی ملک کے وزیراعظم منتخب ہوں گے۔قبل ازیں رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے اپنے خطاب میں عثمان ڈار کی کراچی آمدپر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آمد اور نوجوانوں کو قرضے دینے پر عثمان ڈار کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے،ماضی کی حکومتوں نے اداروں میں سیاسی بھرتیاں کیں ادراسے تباہ کیا،عمران خان نے نوجوانوں کو کامیاب نوجوان پروگرام کے ذریعے قرضے دئیے۔
انہوں نے کہا کہ میرٹ پر قرضے تقسیم کیے جارہے ہیں کوئی پرچی پروگرام نہیں ہے، کورنگی کے نوجوانوں کو 30 کروڑ روپے کے قرض دیے جائیں گے، اس چھوٹے سے ضلع کے لوگوں کو خودمختار بنانے کیلئے قرضے دیے جارہے۔ رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے کامیاب جوان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار کو نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے پر خراچ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بہترین پروگرام ہے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے کراچی، لاڑکانہ، سانگھڑ، سہون کے نوجوانوں کو کاروبار کیلئے قرض دئیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کامیاب ہوگا تو ملک آگے بڑھے گا،میری درخواست ہے کہ پی ٹی آئی کے ورکرز کو بھی کاروبار کیلئے قرضے دئیے جائیں تاکہ ہمارا ورکر اپنے نظریہ کے مطابق ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔