کراچی ٹیسٹ،انگلینڈ کے ریحان احمد اور پاکستان کے وسیم جونیئر کا ٹیسٹ ڈیبیو

193
کراچی ٹیسٹ،انگلینڈ کے ریحان احمد اور پاکستان کے وسیم جونیئر کا ٹیسٹ ڈیبیو

کراچی۔17دسمبر (اے پی پی):کراچی ٹیسٹ میں 2 کھلاڑیوں نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے جن میں انگلش کرکٹ کے ریحان احمد اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے وسیم جونیئر شامل ہیں۔پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ریحان احمد انگلش ٹیم میں ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے والے 710ویں کھلاڑی بن گئے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں لیگ اسپنر ریحان احمد کوسابق انگلش کپتان ناصر حسین نے ٹیسٹ کیپ دی۔ریحان احمد کو ٹیسٹ کیپ دیتے وقت ان کے والد نعیم احمد بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے جنہیں ہیڈکوچ برینڈن میک کولم نے بیٹے کو ٹیسٹ کیپ دینے کی تقریب میں مدعو کیا تھا۔

اسی طرح پاکستان کی جانب سے بھی کراچی ٹیسٹ میں وسیم جونیئر نے ڈیبیو کیا ہے جنہیں اظہر علی نے ٹیسٹ کیپ پہنائی۔