کراچی ٹیسٹ، نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز 277 رنز پر ڈیکلیئر کردی، 319 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے دو کھلاڑی صفر پر آئوٹ

114
کراچی ٹیسٹ، نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز 277 رنز پر ڈیکلیئر کردی، 319 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے دو کھلاڑی صفر پر آئوٹ

کراچی۔5جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ نے دوسرےٹیسٹ میچ کے چوتھےروز اپنی دوسری اننگز 277 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کے لئے 319 رنز کا ہدف دے دیا، ٹام بلنڈل اور بریسویل نے 74,74 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے دوسری اننگز میں صفر پر دو کھلاڑی آئوٹ ہوگئے۔ جمعرات کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے گزشتہ روز کے سکور 407 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز کا آغاز کیا تاہم صرف نو رنز کے اضافے کے بعد ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے جبکہ سعود شکیل 125 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ نیوزی لینڈ نے 41 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا ۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم سائوتھی نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن اپنی اننگز 277 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کے لئے319 رنزہدف دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مائیکل بریسویل نے جارحانہ ناقابل شکست 74 رنز بنائے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر ٹام بلینڈل 74 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔اوپنر ٹام لیتھم نے 103 گیندوں پر11 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔بلینڈل اوربریسویل نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 127رنز بناکراپنی ٹیم کو جیت کے قریب لاکھڑا کیا۔ٹام بلینڈل نے 135 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

مائیکل بریسویل نے انتہائی دلکش بیٹنگ کی اور119گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے74 بناکر ناٹ آئوٹ واپس آئے۔پاکستان کو ابتداء میں بڑی کامیابی ملی جب فاسٹ باولر میر حمزہ نے ایک خوبصورت ان سوئنگر پر ڈیون کونوے کو پہلی ہی گیند پر بولڈ کردیا۔یہ سیریز میں میر حمزہ کی پہلی وکٹ تھی تاہم اس کے بعد لیتھم اورکین ویلیمسن نے دوسری وکٹ کی شراکت میں109 رنز بناکر ٹیم کے لئے ایک اچھے اسکور کی بنیاد رکھ دی۔تاہم اس کے فورا بعد لیتھم62،ویلیمسن41 اور ہنری نکلس5 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

اس موقع پر پاکستان کی پوزیشن کافی مضبوط ہوگئی تھی لیکن بلینڈل اور بریسویل کی پاررٹنرشپ نے نیوزی لینڈ کو ایک مضبوط پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔ نیوزی لینڈ نے 277 کے مجموعی سکور پر اننگز ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کے لئے 319 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کے صفر پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق کو ٹم سائوتھی نے دوسری ہی گیند پر بولڈ کردیا جس کے بعد نائٹ واچ مین میرحمزہ کو اننگز کے تیسرے اوور میں اش سودھی نے صفر پر بولڈ کردیا ، اس کے بعد چوتھے روز کھیل کا اختتام کردیا گیا اس طرح پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 319 رنزدرکار ہیں اور اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔