
اسلام آباد ۔ 17 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ کرپشن نے ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، بدعنوان عناصر کا بلاتفریق احتساب اور ان کے خلاف کارروائیاں ہونی چاہیئں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے عمل کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے بھاری عوامی مینڈیٹ حاصل کیا ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات کی ہیں اور منی لانڈرنگ میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سنجیدگی اور منصوبہ بندی کے تحت قومی مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔