کرپٹ سیاسی ٹولے کو عین دستور کی روح کے مطابق انجام سے دوچار کرکے آئین کی بالادستی یقینی بنائیں گے، مراد سعید

64

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ کرپٹ سیاسی ٹولے کو عین دستور کی روح کے مطابق انجام سے دوچار کرکے آئین کی بالادستی یقینی بنائیں گے، فرزندِ زرداری کے لہجے سے بیرونی آقاؤں کو درپیش بے چینی جھلکتی ہے، اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کا تاریخی انعقاد فرزندِ زرداری کے منہ پر طمانچہ ہے۔

بدھ کو پرچی چیئرمین فرزند زرداری کی تقریر پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ سیاست کے مسخرے کو مسترد کرنے پر مالاکنڈ کے عوام کے شکرگزار ہیں، ہفتوں کی محنت کے بعد 5 مرلے کا پلاٹ ڈھونڈا گیا، اسے بھرنے میں بھی بری طرح ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کو دکھائیں گے کہ جلسہ کسے کہتے ہیں اور عوام کس کے ساتھ ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ اسلام آباد میں او آئی سی وزرا خارجہ اجلاس کا تاریخی انعقاد فرزندِ زرداری کے منہ پر طمانچہ ہے، یوم پاکستان پریڈ میں چین سمیت اسلامی ممالک کے وفود کی بڑے پیمانے میں شرکت وزیراعظم کی خارجہ پالیسی کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایبسولیوٹلی ناٹ‘‘ آزاد ریاست کے خود دار وزیراعظم کی سوچ کی روشن علامت ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ یورپی یونین کے سفیروں کے بیان پر باوقار ردعمل قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے، فرزندِ زرداری کے لہجے سے بیرونی آقاؤں کو درپیش بے چینی جھلکتی ہے، پرچی پکڑ کو پارٹی کی قیادت کی کرسی پر بیٹھنے والا مقابلہ کرنا جانتا ہے نہ اس میں اس کی سکت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جونئیر زرداری کے والد اور شریفوں کے دور حکومت میں 400ڈرون حملے ہوئے ، فرزندِ زرداری اور ان کے والد کی پہلی اور آخری وابستگی کرپشن اور لوٹ مار کے مال سے ہے، فرزندِ زرداری خاطر جمع رکھیں، ان پر کی گئی ساری سیاسی سرمایہ کاری خاک میں ملنے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاسی ٹولے کو عین دستور کی روح کے مطابق انجام سے دوچار کرکے آئین کی بالادستی یقینی بنائیں گے۔