اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی): کریڈٹ کارڈزکے ذریعے خریداری کے رجحان میں اگست کے دوران سالانہ اور ماہانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے ۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اگست 2023 میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعے صارفین نے 103 ارب روپے کی خریداری کی جو گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 33.3 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال اگست میں کریڈٹ کارڈ کے ذریعے صارفین نے 77 ارب روپے کی خریداری کی ۔ جولائی کے مقابلہ میں اگست میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری کے رجحان میں 5.2 فیصد کی شرح سے نمو ہوئی۔
جولائی میں صارفین نے کریڈٹ کارڈزکے ذریعے 98 ارب روپے کی خریداری کی جو اگست میں بڑھ کر 103 ارب روپے ہو گئی۔ واضح رہے کہ اگست کے دوران بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضے کا مجموعی حجم 7960 ارب روپے ہو گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 1.1 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سا ل اگست کے اختتام پر بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 8050 ارب روپے ریکارڈکیاگیا تھا۔