30.5 C
Islamabad
پیر, اپریل 28, 2025
ہومقومی خبریںکسان خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا ،صوبوں کی گندم...

کسان خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا ،صوبوں کی گندم پر سیاست سمجھ سے بالاتر ہے، عظمی بخاری،عاشق کرمانی

- Advertisement -

لاہور۔23اپریل (اے پی پی):صوبائی وزراء عظمی بخاری اورعاشق کرمانی نے کہا ہے کہ کسان خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا ،کسان ہمارااثاثہ ہے، صوبوں کی گندم پر سیاست سمجھ سے بالاتر ہے، رواںسال کھاد و بیج کی قیمتیں پچھلے سالوں سے کم تھیں، سند ھ حکومت کو اپنے صوبے کے کسانوں کی فکر ہونی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں ڈی جی پی آر میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

صوبائی وزرا ء نے کہا کہ کسان ملک کا اثاثہ اور زرعی شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،وزیر اعلی مریم نواز نے کاشتکاروں کو درپیش مالی معاملات حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں ، پنجاب حکومت نے اپنی ایک سالہ کارکردگی میں چار سو ارب کا پیکج کسانوں کو دیا، چھ لاکھ کاشتکاروں کو کسان کارڈ دیا،جس کے ذریعے کسانوں نے باون ارب روپے کی خریداری کی۔ انہوں نے کہا کہ کسان کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح اور وزیر اعلی مریم نواز کا ویژن ہے کہ کسان خوشحال ہو گا تو پاکستان خوشحال ہو گا ،کسان کی خوشحالی میں صوبے کی خوشحالی جڑی ہے،ہم کسان کو مشکل حالات میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے،پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے پہلے سال میں بھی کسانوں کو اکیلا نہیں چھوڑا اور مستقبل میں بھی انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی ۔

- Advertisement -

صوبائی وزراء نے کہا کہ پنجاب پر ماضی میں وسیم اکرم پلس کے نام سے ایک شخص مسلط رہا جس کی حکومت نے صوبے کے کسانوں کی بہتری کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے بلکہ الٹا ان کے مسائل میں اضافہ کیا ، صوبے کے عوام موازنہ کریں کہ ایک طرف وزیر اعلی مریم نواز نے اپنی ایک سالہ حکومت میں کسانوں کے لئے 64 ارب کے منصوبوں کا آ غاز کیا جبکہ دوسری جانب وسیم اکرم پلس کی حکومت میں انتیس ارب کے پراجیکٹس کا صرف خالی اعلان کیا لیکن ان کے ثمرات کسانوں تک نہیں پہنچے۔عاشق کرمانی نے واضح کیاکہ میں خود ایک کاشتکار ہوں اورمجھے وسیم اکرم پلس کے دور میں کھاد نہیں ملی۔

عظمی بخاری اورعاشق کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے اپنی ایک سالہ حکومت میں کاشتکاروں کو ٹریکٹرز دیئے ،آج کسان کارڈ پیکج کیلئے12ایکڑ کی بجائے 25 ایکڑ کردیا ہے جبکہ گرین ٹریکٹر سکیم کی تعداد ساڑھے نو ہزار سے 20 ہزار پر لے کر جارہے ہیں، اسی طرح پنجاب حکومت نے رواں سال ایک ہزار بچوں کو انٹرشپ کروائی جبکہ آئندہ سال دو ہزار بچے انٹرشپ پر لارہے ہیں، وزیر اعلی نے عوام پر بجلی بلوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے سولر پینل سکیم کا اعلان کیا جس پر بھی ہمارے مخالفین کی جانب سے بے جا تنقید کی گئی ۔

صوبائی وزراء نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کا ویژن ہے کہ صوبے کے عوام کی خدمت اور ان کے بنیادی مسائل میںکمی لانا جرم ہے تو یہ جرم ہم کرتے رہیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبوں کی گندم پر سیاست سمجھ سے بالاتر ہے ،کچھ لوگ ایسے ہیں جو رہتے پنجاب میں ہیں لیکن سیاست وہ سندھ کی گندم پر کر رہے ہیں ،انہیں چاہیے کہ وہ پنجاب حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کو دیکھیں جس نے ہر شعبے میں دوسرے صوبوں سے بڑھ کر عوام کی خدمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 15سال سے کے پی اور سندھ میں دوسری سیاسی جماعتوں کی حکومتیں ہیں، انہوں نے کسانوں کی بہتری کیلئے کیا پالیسی بنائی ہے، مخالفین کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت نے کسانوں پراربوں روپے کیوں خرچ کئے۔

گندم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب روزانہ کی بنیاد پر کسانوں کے حوالے سے بریفنگ لیتی ہیں،گندم کی پیداوار زیادہ آرہی ہے، پنجاب حکومت اس کیلئے جلد پالیسی بنائے گی جس سے کسان کو اچھا ریٹ ملنے کی توقع ہے ، وزیر اعلی مریم نواز کسانوں کیلئے گندم کے ریٹ کو بہتر کرنے کی بھر پورکوشش کررہی ہیں، فیکٹری مالکان کو کہہ دیا ہے کہ جو پچیس فیصد اسٹاک نہیں کرے گا تواس کا لائسنس کینسل ہوجائے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 10 سال کا ڈیٹا اٹھا کر دیکھ لیں، پنجاب میں رواں سال گندم ایک کروڑ 60 لاکھ ایکڑ رقبے پرلگی ہے جبکہ پچھلے سال ایک کروڑ 72 لاکھ ایکڑ رقبے پر لگی تھی،پچھلے سال سندھ حکومت نے 4ہزار روپے فی من میں گندم خریدنے کا اعلان کیا لیکن تھوڑی سی خرید کر خاموش ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ سے ابھی تک کوئی نہر تعمیر نہیں ہوئی تاہم اتفاق رائے کی کوششیں جاری ہیں، مذاکرات دھمکیوں سے نہیں بات چیت سے آگے بڑھتے ہیں،زیرِ غور کینالز منصوبے میں صرف سیلابی پانی استعمال کیا جائے گا جو ضائع ہونے کے بجائے فائدے میں لایا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586517

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں