اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں خواتین کاکردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے، کوئی قوم خواتین کی مؤثر شرکت کے بغی رترقی نہیں کر سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سفراء کی بیگمات سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینٹ کی دعوت پر پاکستان میں تعینات مختلف ممالک کے سفراء کی بیگمات نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔
سینیٹر زرقہ سہروردی تیمور نے ان کا خیرمقدم کیا۔ سفراء کی بیگمات نے ایوان بالاء کی کارروائی بھی دیکھی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں خواتین کاکردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری کو موجود دور میں انتہائی اہمیت حاصل ہے، ملک وقوم کی ترقی میں خواتین کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے ایوان بالاء میں موثر قانون سازی عمل میں لائی گئی ہے، پاکستان کے دونوں ایوانوں میں خواتین پارلیمنٹرین کو موثر نمائندگی دی گئی ہے، پاکستان میں خواتین پارلیمنٹرین وفاقی وزیراور وزیر مملکت کے طور پر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو اعلیٰ تعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کئے گئے ہیں، کوئی قوم خواتین کو ساتھ لئے بغیر ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتی۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان میں خواتین پارلیمنٹرین اور سفراء کی بیگمات پر مشتمل فرینڈ شپ گروپ قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال مارچ میں ایوان بالاء کی گولڈن جوبلی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں پاکستان میں تعینات سفراء اور ان کی بیگمات کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے شمار مقامات ہیں اور سیاحوں کی سہولیات کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، پاکستان کی سیاحت کے مواقع سے مستفید ہونے کیلئے سفراء اپنے ممالک میں ان کی تشہیر کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور محبت کرنے والا ملک ہے، پاکستان کے مثبت تشخص کو اُجاگر کرنے کیلئے پاکستان میں قائم مختلف ممالک کے سفارتخانے اپنا کردار ادا کریں۔ قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے وفد کے دورے کو مفید قرار دیا۔ سینیٹر ڈاکٹر زرقہ سہروردی تیمور نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری دوستانہ مراسم کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہے، پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے ایک دوسرے کو سمجھنے اور تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔
خواتین کے وفد کو ایوان بالاء میں قائم سینیٹ میوزیم کا دورہ بھی کرایا گیا اور ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔سفراء کی بیگمات نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو پارلیمنٹ کا دورہ کرنے کی دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا اور گلدستہ پیش کیا۔چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کے دوران قائد حزب اختلاف سینیٹ ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹرز زرقہ سہروردی تیمور، شیری رحمان،فوزیہ ارشد، ڈاکٹر مہر تاج روغانی، نسیمہ احسان، خالد ہ اطیب، عابدہ محمد عظیم،سیمی ایزدی، ثانیہ نشتر، رخسانہ زبیری، روبینہ خالد، فلک ناز، پلوشہ محمد زئی خان بھی موجود تھے۔