کشمیریوں کی تکالیف نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے،جلد کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا،صوبائی وزیر اطلاعات
لاہور۔5اگست (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ یوم استحصال کشمیر کا دن بھارتی مظالم کی مذمت کے ساتھ ساتھ اس عزم کے اعادہ کا بھی دن ہے کہ بطور پاکستانی ہم کشمیریوں کی تکالیف کو نہ بھولے ہیں اور نہ ہی کبھی بھولیں گے،جلد کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار الحمرا آرٹس کونسل میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ 5اگست کادن جہاں بطور قوم ہمیں تکلیف دیتاہے دوسری طرف ہمیں ہمت بھی دلاتا ہے کہ ایک دن کشمیر کو ضرور آزادی حاصل ہو گی اور پاکستان کا حصہ بنے گا ۔انہوں نے کہا کہ آج اس جگہ ہمارے اکٹھے ہونے کا مقصد بھارتی تسلسط کی پرزور مذمت کرنا ہے، 5اگست 2019کے بھارتی اقدام کو 5 سال گزر گئے ہیں ‘ کشمیریوں کو ان کے اپنے ہی گھر میں قید کر کے رکھ دیا گیا ہے،جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی اپنی آزادی کے لیے جہاد کر رہے ہیں ‘ کشمیری نوجوان برہان الدین وانی شہید کے مقصد کو پایہ تکمیل کرنے کے لیے پر عزم ہیں ، ان شہدا کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو جس طرح آئینی حلیہ بگاڑ کر قبضہ کرنے کی جو مقبوضہ کشمیر کے اوپر کوشش کی اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس عزم کا بھی اعادہ کرنا ہے کہ کشمیر کے کسی بھی بے گناہ کی تکالیف ، ہمارے شہیدوں کا لہو ،ہماری بہنوں کی عصمت دری کی تکلیف نہ ہم بھولے ہیں نہ کسی کو بھولنے دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں بطور قوم پاکستان کی قدر کرنا چاہیے،آزادی کی قدرپوچھنی ہوتو کشمیریوں سے پوچھو جو غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں ‘ ملک کیا ہوتا ہے پوچھیں غزہ کے لٹے پھٹے خاندانوں سے جن کے خاندان کے خاندان صفحہ ہستی سے مٹا دیے گئے ،اسماعیل ہانیہ شہید کے پورے خاندان کو ختم کر دیا گیا،ظلم و ستم اور زبرستی آزادی کی تحریکوں کو دبایا نہیں جا سکتا،وہ دن دور نہیں جب کشمیر یوں کو آزادی حاصل ہو گی۔انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی پارٹیوں کو اپنے سیاسی اختلافات بھلا کر ایک ہونے کی ضرورت ہے،ہم اپنے تمام کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اس جدوجہد میں بالکل شریک ہیں ۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف ہر فورم پرکشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں ‘ جب تک کشمیر پاکستان نہیں بنتا تب تک کے یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ بعد ازاں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے واک کا انعقاد کیا گیا ۔واک کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے نعرے درج تھے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=490861