مظفرآباد۔23اکتوبر (اے پی پی):آزادکشمیر حکومت کی مشیر برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن محترمہ نثارہ عباسی نے کہا ہے کہ چوبیس اکتوبر کا دن صرف یوم تاسیس ہی نہیں ہے بلکہ یہ دن اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ کشمیریوں نے اپنے بنیادی حق، حق خودارادیت کے حصول کیلئے جو لہو کے دیپ جلائے تھے وہ اس عظیم مقصد کے حصول تک روشن رہیں گے اور جلد کشمیریوں کی تحریک آزادی منطقی انجام تک پہنچے گی،آج کے دن ہم آزادکشمیرکی حکومت کا یوم تاسیس مناتے ہوئے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انکا حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں،ہندوستان کی جانب سے مذاکرات سے راہ فرار کسی بھی وقت دو ایٹمی قوتوں کو جنگ کی خوفناک وادی میں دھکیل سکتا ہے،جو عالمی امن کے لیے بھی خطرہ کا موجب بن سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے 77ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ مشیر حکومت نے کہا کہ قوموں کی زندگیوں میں چند ایسے مواقع آتے ہیں جو نہ صرف انہیں ماضی کی یاد دلاتے ہوئے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ یہ مواقع قوموں کی تقدیر بدلنے میں بھی سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، 24 اکتوبر کا دن بھی ہمیں اپنے ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کی پیش بندی کرنے کے تجدید عہد کا دن ہے،آج کے دن ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ انکی جدوجہد آزادی میں ہم انکے ساتھ ہیں اور وہ دن دور نہیں جب تحریک آزادی کشمیر کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔
مشیر حکومت نے کہا کہ آج سات دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی کشمیری مظلوم و محکوم ہیں، دُنیا گلوبل ویلیج کے سانچے میں ڈھل چکی لیکن مقبوضہ کشمیر میں آج بھی بنیادی انسانی حقوق پامال کئے جاتے ہیں،اتنا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود آزادی کشمیر کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا،اقوام متحدہ میں متعدد قرارداریں بھی منظور کی گئیں لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آج تک ان پر عملدرآمد نہ ہو سکا،ہندوستان اب تک اپنا راگ الاپنے میں مصروف ہے اور وہ کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان خود ریاست جموں و کشمیر کے مسئلہ کو اقوام متحدہ میں لے کرگیا تھا اور سکیورٹی کونسل کی متعدد قراردادیں بھارت کے اس دعویٰ کو مسترد کر دیتی ہیں جو مختلف اوقات میں منظور کی گئی ہیں جن کو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت نے بھی تسلیم کر رکھا ہے لیکن بھارت ان پر عملدرآمد کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ نثارہ عباسی نے کہا کہ یوم تاسیس کے موقع پر ہم ایک مرتبہ پھر اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور بیس کیمپ کی حکومت اپنے اولین مقصد کے حصول کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=516074