سرینگر ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کی فوجی طاقت اور ظلم و بربریت کے باوجود ہم اس کے سامنے نہیں جھکیں گے بلکہ ہر سطح پر اس غیرقانونی اور غیراخلاقی فوجی قبضے کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر کہ ہم اوڑی حملے میں 18 فوجیوں کی ہلاکت کو نہیں بھولیں گے اور دہشت گردی انسانیت کی دشمن ہے، تبصرہ کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ ہم بھارتی وزیر اعظم کی اس بات سے مکمل اتفاق کرتے ہیں کہ دہشت گردی انسانیت کی دشمن ہے لیکن ہمیں بھارتی حکمرانوں کے دوغلے پن اور اُن کے قول وفعل میں تضاد پر اعتراض ہے