کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، پپاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی کی ”اے پی پی“ سے خصوصی بات چیت

132

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، پاکستان نے آزمائش اور مشکل کے ہر لمحے میں کشمیری عوام کو کبھی تنہاء نہیں چھوڑا، دنیا کو بتا دیں کہ کشمیر کل بھی ہمارا تھا اور آج بھی ہمارا ہے، کشمیری عوام کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ جمعہ کو ”اے پی پی“ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضہ کے خلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر بھرپور انداز سے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر متحرک سفارت کاری کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام مقبوضہ کشمیر پر بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلانے کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی کامیابی کیلئے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔