اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):بھارتی اسیر کشمیری حریت رہنمایاسین ملک کی اہلیہ اورپیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیری پرامن اور آزادی کے متلاشی ہیں اورکشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) نے پوری دنیا کو امن کا پیغام دیاہے۔ وہ کے پی ایل کے دوسرے سیزن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
مشعال ملک نے منتظمین کے ”آزادی کے ساتھ کھیلیں” کے دلکش لوگو کے انتخاب کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کا تعلق کشمیریوں کی تحریک ”آزادی سے جیو” سے بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منتظمین نے اس لوگو کے ذریعے پوری دنیا کو پر امن اور سفارتی پیغام دیا ہے۔
مشعال ملک نے اس لیگ کی اہمیت کو مزید بڑھانے کے لیے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقوں سری نگر، سوپور، شوپیاں، جموں اور پلوامہ سے تعلق رکھنے والے منقسم خاندانوں کے آزاد کشمیر اور پاکستان میں مقیم نوجوانوں کو بھی کے پی ایل میں شامل کرنے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی شرکت بھی ہونی چاہیے کیونکہ اس اقدام سے ایک مثبت پیغام جائے گا کہ لوگ آزاد کشمیر میں محفوظ ہیں۔ فاشسٹ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری عوام بڑے حوصلے کے ساتھ بھارتی ظلم و بربریت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ وہ آزادی چاہتے ہیں اور بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں قصاب بن چکی ہے۔
یاسین ملک کو ایک ایسے سیل میں قید تنہائی میں رکھا گیا جس میں کھڑکی تک نہیں ہے۔ کے پی ایل کی شرٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے دکھی آواز میں کہا کہ کاش میں یہ شرٹ یاسین ملک کو پہنچا سکتی ، اللہ کرے وہ جلد بھارتی حراست سے رہا ہو ں، پھر میں آپ کا تحفہ اپنے شوہر یاسین ملک کو دوں گی۔