فیصل آباد۔ 25 ستمبر (اے پی پی): کماد کے کاشتکا روں کیلئے پیداواری مقابلہ کا اعلان کیا گیا ہے جس میں حصہ لینے کے خواہشمندوں سے درخواستیں بھی طلب کر لی گئی ہیں۔
نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق خواہشمند کاشتکار30ستمبرتک اپنے ضلع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع اور زراعت آفیسر توسیع کے دفاترسے رابطہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ کماد کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت پیداواری مقابلہ برائے کماد کا انعقاد کروایا جا رہا ہے جس میں فیصل آباد ڈویژن سمیت سرگودھا، بھکر،مظفر گڑھ، راجن پور،لیہ، بہاولپور، رحیم یار خان، قصور اور منڈی بہاؤالدین کے اضلاع شامل ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ ان اضلاع سے 5ایکڑ یا 5ایکڑ سے زائد قابل کاشت اراضی مالک درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ انہوں نے بتایاکہ اس پیداواری مقابلہ میں حصہ لینے والے کاشتکار 5ایکڑ متصل فصل کماد جس میں کوئی بھی منظور شدہ قسم کاشت کی گئی ہو مقابلہ کیلئے پیش کر سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیداواری مقابلے ضلعی سطح پر منعقد ہوں گے اور اس ضمن میں صوبائی کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہو گا۔انہوں نے بتایاکہ مقابلہ میں حصہ لینے کیلئے شرائط درخواست فارم پر درج ہیں جو کہ متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفاتر سے مفت حاصل یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ بھی کئے جا سکتے ہیں۔