کمانڈر امریکی سینٹرل کمانڈ کی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی استحکام اور سلامتی کی صورتحال، دفاعی اور سکیورٹی تعاون بالخصوص عسکری تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا،آئی ایس پی آر

72

راولپنڈی ۔15دسمبر (اے پی پی):امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹکام) کے کمانڈر ،جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی استحکام اور سلامتی کی صورتحال، دفاعی اور سکیورٹی تعاون بالخصوص عسکری تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹکام) کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک نے جمعرات کو پاک فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو ) راولپنڈی کا دورہ کیا ، معزز مہمان نے شہدا کی یادگار پر پھولو ں کی چادر چڑھائی ۔ جی ایچ کیو راولپنڈی آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آرمی چیف سے ملاقات کے بعد امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹکام) کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک نے وفود کی سطح پر بھی ملاقات کی ۔معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں، سیلاب سے بچائو کے لئے کوششوں اور علاقائی امن کے لیے تعاون کی تعریف کی

۔ وفد آج طورخم کا دورہ بھی کرے گا جہاں اسے انسداد دہشت گردی اور پاکستان افغانستان سرحد پر بارڈر مینجمنٹ میکنزم سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔