کوالالمپور۔12فروری (اے پی پی):کوالالمپور، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔بدھ کو پاکستانی سفارتخانہ ، کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی اور ملائیشین بزنس کمیونٹی سے اپنے خطاب میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوری 2025 میں بیرون ملک پاکستانیوں نے تین بلین ڈالر بھیج کر ملک کی معیشت کو مستحکم کیا اور بہت سے منفی خواہشات رکھنے والوں کے ارادوں پر پانی پھیر دیا۔
وفاقی وزیر نے حکومت کی معاشی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں شرح سود 22 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد پر لانا معجزہ ہے،مہنگائی کو 38 فیصد سے 3 فیصد پر لانا حکومت کی بڑی کامیابی ہے، برآمدات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، سٹاک ایکسچینج اور زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کا فعال ہونا اور پی آئی اے کی یورپ میں دوبارہ پروازیں بحال ہونا مثبت پیشرفت کی علامتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوالالمپور سے پاکستان کے لئے فلائٹس میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سیاحت مزید مستحکم ہو۔کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ملائیشیا کی حکومت اور عوام کے کشمیر کاز کے لئے حمایت پر شکرگزار ہیں، اقوام متحدہ کو کشمیریوں کی حمایت اپنی قراردادوں کے مطابق کرنی چاہئے۔
ملائیشین سیاحوں کو دعوت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت، امن اور قدرتی حسن کا انمول نمونہ ہے، میں ملائیشین سیاحوں کو وہاں آنے کی دعوت دیتا ہوں۔آخر میں انہوں نے پاکستانی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں پاکستانی اور ملائیشین بزنس کمیونٹی سے ملاقات کا موقع فراہم کیا۔