کور کمانڈرز کانفرنس کا پاکستان کے مضبوط نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سٹرکچر اور ملک کے سٹریٹجک اثاثوں سے متعلق سکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار

199
ispr
ispr

راولپنڈی۔18اکتوبر (اے پی پی):کور کمانڈرز کانفرنس نےپاکستان کے مضبوط نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سٹرکچر اور ملک کے سٹریٹجک اثاثوں سے متعلق سکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، ایک ذمہ دار جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاست کے طور پرپاکستان نے اپنے جوہری سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 252 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منگل کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ شرکاء نے موجودہ اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیا۔ فورم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے بعد کی صورتحال ، ریلیف اور بحالی کی کوششوں کے لیے سول انتظامیہ کو فوج کی مدد سے آگاہ کیا گیا۔

فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مادر وطن کے خلاف تمام خطرات کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ فورم نے پاکستان کے مضبوط نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سٹرکچر اور ملک کے سٹریٹجک اثاثوں سے متعلق سکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

فورم کو آگاہ کیا گیا کہ ایک ذمہ دار جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاست کے طور پرپاکستان نے اپنے جوہری سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔ آرمی چیف نے سیلاب سے محفوظ رکھنے کے فرائض کے دوران فارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔