کویت کی ویزا پابندیوں میں نرمی،اس پیشرفت کی بنیاد وزیر خارجہ اور ان کے کویتی ہم منصب کے مابین مسلسل رابطوں اور ملاقاتوں کے دوران رکھی گئی،دفتر خارجہ

150
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):پاکستان نے کویتی حکومت کی جانب سے حال ہی میں پاکستانی شہریوں کے لئے ویزا پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے دونوں ممالک کے مابین طویل عرصہ سے زیر التوا مسئلے کے حل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پیشرفت کی بنیاد وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی اور ان کے کویتی ہم منصب کے مابین مسلسل رابطوں اور ملاقاتوں کے دوران رکھی گئی تھی۔ ان ملاقاتوں میں پاکستانی شہریوں کے لئے ویزا پابندیوں میں نرمی کے معاملے پر وسیع غور و خوض کیا گیا۔

جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین طے پانے والے وعدوں کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ نے پاکستان کے وزیر داخلہ کو کویت کا دورہ کرنے اور پاکستانی شہریوں پر عائد ویزا پابندیوں کے خاتمے کی باضابطہ دعوت دی گئی تھی۔ اسی مناسبت سے وزیر داخلہ نے 30 سے 31 مئی 2021 کو کویت کا دورہ کیا اور اپنے ہم منصب شیخ تھامر علی السلیم سے ملاقات کی۔ دونوں وزرا کے مابین ہونے والی بات چیت میں پاکستانی شہریوں کے لئے ویزا پابندیوں میں نرمی کے فریم ورک میں پیشرفت کے لئے راہ ہموار ہوئی۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک کویت کیساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ عقیدے اور اقدار کے مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔