کویت کے ساتھ الدرّہ گیس فیلڈ سے متعلق معاملات منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھیں گے، سی ای او آرامکو

113

ریاض۔8اگست (اے پی پی):سعودی عرب کی پٹرولیم ریفائنریز کمپنی آرامکو کے سی ای او نے کہا کہ الدرّہ فیلڈ سے متعلق معاملات کویت کے ساتھ منصوبہ بندی کے مطابق آگے بڑھیں گے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق دسمبر 2022 میں آرامکو گلف آپریشنز کمپنی اور کویت گلف آئل کمپنی نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ الدرّہ گیس فیلڈ کو تیار کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔

یادداشت پر دستخط مارچ 2022 میں الدرّہ فیلڈ ڈویلپمنٹ کے منٹس کے نفاذ کے طور پر کئے گئے تھے تاکہ الدرّہ فیلڈ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پربراہ راست کام دوبارہ شروع کیا جائے، پروگرام کے نفاذ کے پلان اور ٹائم ٹیبل کے مطابق کام کو تیز کیا جائے گا۔اس گیس فیلڈ کی ترقی 24 دسمبر 2019 کو سعودی عرب اور کویت کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یادداشت کے نفاذ کے بعد ہوئی ہے۔ الدرّہ گیس فیلڈ دونوں شراکت داروں کے درمیان یکساں طور پر ایک بلین کیوبک فٹ گیس فراہم کرے گی اور اس معاہدے سے دونوں برادر ممالک کو فائدہ ہو گا۔