20.5 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومزرعی خبریںکپاس کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت اورکیڑوں سے بچاؤ کیلئے...

کپاس کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت اورکیڑوں سے بچاؤ کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 26 فروری (اے پی پی):ملک میں کپاس کی پیداوار میں کمی اور سوتی دھاگے کی قلت کے باعث کپاس کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کیلئے ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا گیاہے اور امسال کاشتکاروں کو کپاس کی ایسی منظورشدہ اقسام جن پر کیڑوں کے حملہ کے امکانات قدرے کم ہوں کا بیج سبسڈی پر فراہم کر نے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک اجلاس میں کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے مختلف اقدامات کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کپاس ہمارے ملک کی اہم ترین فصل ہے لہٰذا حکومت کپاس کی سابقہ حیثیت کی بحالی کیلئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس موسمیاتی تبدیلیوں اور کیڑوں کے حملہ کے باعث کپاس کی پیداوار میں کمی کابھی نوٹس لیا اور آئندہ کپاس کی پیداوار میں بہتری کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا گیاہے۔انہوں نے بتایا کہ کپاس کی آئندہ فصل کو کیڑوں سے بچانے کیلئے جعلی، ناقص، غیر معیاری زرعی ادویات کے خلاف جاری مہم میں تیزی لانے سمیت مارکیٹ میں معیاری زرعی مداخل کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے بھی تمام انتظامات کر لئے گئے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے زرعی سائنسدانوں کو کپاس کی ایسی اقسام کی دریافت پرخصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے جو جاری موسمیاتی تبدیلیوں کو برداشت کر سکیں اور کیڑوں کے حملہ کے خلاف قوتِ مدافعت کی حامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی جاری موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے کپاس کے بیج کی پرانی ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث پیداوار میں کمی کا سامنا ہے تاہم جدید جینیاتی ساخت کے حامل بیج کے استعمال سے فصل پر سفید مکھی،گلابی سنڈی و دیگر کیڑے مکوڑوں کا حملہ کم ہوگا اور یہ اقسام جڑی بوٹیوں کے خلاف بھی مؤثر ثابت ہوں گی جس کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کے ساتھ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی بحالی ایک چیلنج ہے جس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کر نا ہو گا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566456

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں