31.6 C
Islamabad
بدھ, اپریل 23, 2025
ہومزرعی خبریںکپاس کی فصل سے بھرپور پیداوار حاصل کرنے کے لئے  نیوٹریشنل مینجمنٹ...

کپاس کی فصل سے بھرپور پیداوار حاصل کرنے کے لئے  نیوٹریشنل مینجمنٹ پر خاص توجہ دی جائے،سیکرٹری زراعت پنجاب

- Advertisement -

ملتان۔ 30 اگست (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل سے بھرپور پیداوار حاصل کرنے کے لئے  نیوٹریشنل مینجمنٹ پر خاص توجہ دی جائے،ستمبر اور اکتوبر کا مہینہ کپاس کی فصل کے لئے نہایت اہم ہے،تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز کپاس کی جیننگ فیکٹریوں میں آمد کا ریکارڈ مرتب کریں تاکہ پیداواری ریکارڈ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے آئندہ فصل کے لئے ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں ساوتھ پنجاب کی تین ڈویژنوں میں کپاس اور سیلاب کی موجودہ صورتحال کی مانیٹرنگ کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔

سیکرٹری زراعت نے کہا کہ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ کپا س کی مارکیٹ مستحکم ہے، جس کے باعث کسان خوشحال اور آئندہ فصل پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان،کنسلٹنٹ شعبہ زراعت توسیع ڈاکٹر انجم علی، ڈائریکڑجنرل زارعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن، ڈائریکٹر جنرل زراعت (پیسٹ وارننگ) پنجاب رانا فقیر احمد، ڈائریکٹر جنرل کراپ رپورٹنگ پنجاب ڈاکٹر عبدالقیوم، ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب رائے مدثر عباس و دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان کے ڈویژنل ڈائریکٹرز زراعت توسیع ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

- Advertisement -

بریفنگ کے دوران سیکرٹری زراعت کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں کپاس کی حالت تسلی بخش ہے اور کپاس کی فصل کی بہتر نگہداشت کے لئے ترجیحاً اقدامات کئے جا رہے ہیں، رپورٹ ہونے والے ہاٹ سپاٹ ائیریا میں جدید کیمسٹری کی حامل زرعی زہروں کا سپرے کروایا جا رہا ہے،اگیتی کاشتہ فصل کی چنائی کا مرحلہ جاری ہے اور اب تک دو لاکھ گانٹھوں سے زائد کپاس جیننگ فیکٹریوں میں پہنچ چکی ہے۔بعض علاقوں میں سفید مکھی،ملی بگ اور گلابی سنڈی کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے مگر وہ نقصان کی معاشی حد سے نیچے ہے تاہم رپورٹ ملنے پر زراعت توسیع اور پیسٹ وارننگ کی ٹیمیں جدید کیمسٹری کی حامل زرعی زہروں کا سپرے کر رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری زراعت پنجاب کو بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ کپاس کی فصل کی بحالی کے لئے کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کی جا رہی ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قبل از وقت تمام فصلات بشمول کپاس کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں،اس ضمن میں محکمہ آبپاشی سے مکمل رابطہ رکھا جائے ،سیلاب کی صورتحال کو مانیٹر کیا جائے اور ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے ارسال کی جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ کپاس کی صاف چنائی کے لئے کاشتکاروں کی فنی راہنمائی بھی کی جائے،اس ضمن میں زراعت توسیع کے افسران و عملہ کاشتکاروں کے شانہ بشانہ شریک ہوں۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے واضح کیا کہ کپاس کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کاشتکاروں کی خوشحالی اورملکی معیشت میں استحکام کا باعث ثابت ہوگی،اس لئے کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کے سلسلہ میں تمام افسران و عملہ اپنی ڈیوٹی قومی فریضہ سمجھ کر سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی مہم قریباًگزشتہ چارماہ سے جاری ہے،چند روز کی مزید محنت سے ہم اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=384462

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں