20.5 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومزرعی خبریںکھجور کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر کھجور کے نئے باغات...

کھجور کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر کھجور کے نئے باغات لگانے کاسلسلہ شروع کردیا گیا

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 28 فروری (اے پی پی):بین الاقوامی منڈیوں میں کھجور کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر پاکستان میں وسیع پیمانے پر کھجور کے نئے باغات لگانے کاسلسلہ شروع کردیا گیا ہے جہاں سے بھرپور پیداوار حاصل کرکے اس کی ایکسپورٹ میں زیادہ سے زیادہ اضافہ یقینی بنایاجائیگاتاکہ ملک کیلئے شاندار زرمبادلہ کاحصول ممکن ہوسکے۔ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین اثمار نے اے پی پی کو بتایاکہ کھجور کا پھل اپنی بھر پور غذائیت کی وجہ سے کرہ ارض پر پیداہونے والے پھلوں میں بہت تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کھجور کی زیادہ پیداوار کے حصول میں زر پاشی کا عمل بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عام طورپر کھجور کے پودوں میں عمل زیرگی قدرتی طورپر حشرات،شہد کی مکھی، پرندوں اور ہوا کے ذریعے ہوتا ہے جبکہ کھجورمیں نر اور مادہ پودے الگ الگ ہوتے ہیں لہٰذاباغبان نئے باغات لگاتے وقت نر اور مادہ پودوں کا 1اور10کاتناسب رکھیں۔انہوں نے بتایاکہ کھجور کے زیر کاشت رقبہ میں مسلسل اضافہ کے باعث زر پاشی کے لیے نر زردانوں کا حصول مشکل ہوتاجارہا ہے اس لیے باغبانوں کو کھجور میں زر پاشی کے مصنوعی طریقوں کو اختیار کرناہوگا۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ کھجور کے پھول سیپی نما خول میں پیدا ہوتے ہیں اور یہ سپییاں فروری کے اواخرسے مارچ کے آخر تک کھلتی ہیں نیزچونکہ نر سپیاں مادہ سپیوں سے دس دن پہلے نکلتی ہیں لہٰذا مصنوعی زر پاشی کے لیے نر پودے کی تیار سپیوں کوکاٹ کر سایہ میں ہوا دار جگہ پر محفوظ کرلیاجائے اور ان نر سپیوں سے پھولوں کی لڑیاں نکال کر انہیں نمی سے پاک سایہ دار جگہ پر خشک کرکے نر زردانوں کوپاؤڈر کی شکل میں شیشے کے ہوا بند جار یا کاغذ کے تھیلوں میں محفوظ کرلیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ مادہ پھول نکلنے پر آلہ زر پاشی کے ذریعے کھجور کے مادہ پودوں پر ان زردانوں کا چھڑکاؤ کیاجائے کیونکہ اس آلہ کے استعمال سے مزدوری اوروقت دونوں کی خاطر خواہ بچت ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ کھجور کی کامیاب فصل لینے کیلئے ضروری ہے کہ مصنوعی زر پاشی کا عمل دو سے تین دفعہ کیا جائے اور سپیاں نکلنے کے دوران باغات کی آبپاشی بند رکھی جائے۔انہوں نے کہاکہ مادہ پھولوں میں زردانہ قبول کرنے کا وقت صر ف 72گھنٹے تک ہوتا ہے لہٰذا اس وقت کے اندر مصنوعی زرپاشی کا عمل مکمل کیاجائے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567303

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں