کیریبین پریمیئر لیگ، بارباڈوس ٹریڈنٹس سی پی ایل کے فائنل میں پہنچ گئی

109

ٹروبا ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) بارباڈوس ٹریڈنٹس کی ٹیم کیریبین پریمیئر ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی، ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم کوالیفائر ٹو میں 12 رنز سے شکست کا سامنا، بارباڈوس ٹریڈنٹس اور گیانا امیزون واریئرز کیربیئن پریمیئر لیگ کے فائنل میں (آج) ہفتہ کو آمنے سامنے ہونگی، ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز161 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، سیکیوگ پراسانا کے 51 رنز رائیگاں، ایشلے نرسی کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعہ کو ٹروبا میں کھیلے گئے سی پی ایل کے کوالیفائر ٹو میچ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے کپتان کیرون پولارڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بارباڈوس ٹریڈنٹس کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا کر ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کو میچ میں کامیابی کے لئے 161 رنز کا ہدف دیا۔ جانسن چارلس 35، ریمون ریفر اور ایشلے نرسی نے بالترتیب ناقابل شکست 24, 24 رنز بنائے، شائی ہوپ نے 23 رنز بنائے۔ ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے علی خان، کرس جارڈن اور خارے پیری نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 148 رنز بناسکی، سیکیوگ پراسانا کے 51 رنز رائیگاں گئے، کپتان کیرن پولارڈ 23 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔ بارباڈوس ٹریڈنٹس کے جرنی، والش، نرسی اور ریفر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نرسی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔