کوئٹہ۔ 02 جولائی (اے پی پی):کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے ساتویں، نویں اور دسویں محرم الحرام کو بجلی کی باقاعدہ اور مسلسل فراہمی کے لئے مختلف انتظامات کردئیے ہیں۔اس سلسلے میں بجلی کی مسلسل فراہمی اور صارفین کی شکایات کابروقت ازالہ کرنے کیلئے مرکزی مانیٹرنگ اورایمرجنسی کنٹرول سینٹر (ٹیلی فون نمبر 081-9201445 اور 0812829753)قائم کردیاگیاہے، جوکہ 24گھنٹے 3شفٹوں میں مسلسل کام کرے گا۔کیسکوکا مرکزی مانیٹرنگ اورایمرجنسی کنٹرول سینٹرصوبائی حکومت کے ایمر جنسی کنٹرول سینٹر 15 یعنی مددگار سینٹرسے ان متعلقہ فیڈروں کے سلسلے میں بجلی کی صورتحال پر مسلسل رابطہ میں رہے گا۔
اسکے علاوہ محرم الحرام کے جلوس والے راستوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی اور صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ کیلئے مرکزی مانیٹرنگ و ایمرجنسی کنٹرول سینٹرکسی بھی علاقہ میں بجلی منقطع ہونے کی صورت یا شکایت موصول ہونے کے بعد بجلی کی دوبارہ بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے گا۔کوئٹہ شہر میں امام بارگاہوں سے منسلک فیڈروں مری آباد،سید آباد، گلستان، لیاقت بازارایکسپریس، طوغی روڈ، ہزارہ ٹاون، کرانی،سیٹلائٹ ٹاون اور مغربی بائی پاس فیڈرز کو ساتویں،نویں اور دسویں محرم الحرام میں لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قراردئیے گئے ہیں
ا لبتہ کسی بھی علاقے میں فنی خرابی کو دورکرنے اور بجلی کی دوبارہ بحالی کے لئے تکنیکی ٹیم اور متعلقہ فیڈرکے سب ڈویژنل افسران (SDO)اپنے عملہ کے ساتھ دفاترمیں موجودرہیں گے تاکہ بجلی سے متعلق کسی بھی ایمرجنسی سے بروقت نمٹاجاسکے۔