اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کینیڈین حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کاروباری افراد کو کاروباری تقریبات میں شرکت کیلئے ویزوں کے اجراء میں سہولت فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر لیزلی سکینلون سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان ترقی پذیر ممالک کے لئے کینیڈین جنرل ترجیحی ٹیرف (جی پی ٹی پلس ) پروگرام کو سراہتا ہے، پاکستان میں جی پی ٹی پلس پروگرام کا آغاز ملبوسات اور جوتے جیسے نئے مجوزہ شعبوں میں زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کینیڈا مجوزہ سکیم میں ٹیکسٹائل کے مزید شعبوں کو شامل کرنے پر غور کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا کاروباری برادری کو نمائشوں اور دیگر کاروباری تقریبات میں شرکت کے لئے ویزوں کے اجراء میں سہولت فراہم کرے۔ سید نوید قمر نے کہا کہ کینیڈا کو پاکستانی برآمدات اس کی درآمدات سے زیادہ ہیں اور پاکستان کے لئے تجارتی سرپلس ہے۔ اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیرتجارت کے تحفظات کو تسلیم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈین حکومت ویزا عمل میں مزید آسانیاں فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے۔