کراچی۔ 02 دسمبر (اے پی پی):دفاعی چیمپئن ڈی ایچ اے دبنگز نے کراچی ٹیپ بال پریمئر لیگ سیزن تھری کے افتتاحی میچ میں کلفٹن پاپولر کو دلچسپ مقابلے کے بعد11رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا، جارحانہ بیٹنگ پر خرم شہزاد مین آف دی میچ قرار پائے۔ڈی ایچ اے سپورٹس کلب معین خان اکیڈمی پر کھیلے گئے افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری تھے جبکہ اس موقع پر چیئرمین زوہیر نصیر ،سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد ،نائب صدر کے ٹی پی ایل توصیف احمد سمیت معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
دو دو اننگز پر مشتمل میچ میں ڈی ایچ اے دبنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے 121رنز سکور کئے ۔خرم شہزاد نے 9گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 37، ارسلان اچھی بٹ نے 7گیندوں پر تین چھکوں کی مدد سے 21اور عمر شہزاد نے14رنز اسکور کئے ۔کلفٹن پاپولر کے عرفان نانا نے تین وکٹیں حاصل کیں ۔جواب میں اپنی پہلی اننگز میں کلفٹن پاپولر چار وکٹ پر113رنز بنا پائی اور اسے 8رنز کا خسارہ اٹھانا پڑا ،فہد عالم نے 14 گیندو ں پر 4 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے53اور اسد شاہ نے 13گیندوں پر 2 چوکوں اوراتنے ہی چھکوں کی مدد سے28رنز اسکور کئے ۔
ڈی ایچ اے دبنگز کے مصطفی حنیف نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ڈی ایچ اے دبنگز نے دوسری اننگز میں 96رنز بناکر کلفٹن پاپولر کو فتح کے لئے 105رنز کا ہدف دیا ۔دوسری اننگز میں ڈی ایچ اے دبنگز کے خرم شہزاد نے 15 گیندوں پر 6چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 42جبکہ ارسلان اچھی بٹ نے 9گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے30رنز بنائے ۔جواب میں105رنز کے ہدف کے تعاقب میں کلفٹن پاپولر 5 وکٹ پر93رنز بنا سکی ،کامی نے چھٹے نمبر پرکھیلتے ہوئے15گیندوں پر 3 چوکوں اوراتنے ہی چھکوں کی مدد سے 35رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہیں دلا سکے ۔
حق نواز 24رنز بناکر دوسرے نمایاں اسکورر رہے ۔ڈی ایچ اے دبنگز کے ایم عمر نے 2 جبکہ ضیاالحسن ،واحد علی اور مصطفی حنیف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ایونٹ میں(کل) اتوار کوجوہر جوانز کا مقابلہ نارتھ نوابز سے اور گلشن گوہر کا مقابلہ کراچی نائیٹس سے ہوگا ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415893