گال۔18جولائی (اے پی پی):گال ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 333 رنز کی برتری حاصل کرکے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی، سری لنکا نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنا ئے، دنیش چندی مل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 86 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی، محمد نواز نے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
پیر کو گال ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز ا 37 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ سے کھیل کا آغاز کیا، اوپنر فرنینڈو 17 اور کاسن راجیتھا 3 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم راجیتھا جلد ہی 7 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد اوپنر فرنینڈو نے کوشل مینڈس کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔ فرنینڈو 64 اور مینڈس 76 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
اینجلو میتھیوز 9 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے۔ اس کے بعد مڈل آرڈر بلے باز دنیش چندی مل نے ٹیل اینڈرز کی مدد سے ٹیم کے مجموعے کو آگے بڑھایا، چندی مل 86 رنز کی اننگز کھیل کر اس وقت کریز پر موجود ہیں۔ دھنججایا ڈی سلوا 20، رمیش مینڈس 22، ڈکویلا 12 اور مہیش تھیکشانا 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پربھاتھ جے سوریا4 رنز بنا کر چندی مل کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کے سپنرز محمد نواز اور یاسر شاہ نے آئی لینڈرز کی دوسری اننگز میں آٹھ وکٹیں اڑائی تاہم وہ سری لنکن بیٹرز کی جانب سے رنز کو نہ روک سکے۔
محمد نواز نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 5 اور یاسر شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فاسٹ بائولر حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح سری لنکا نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 229 رنز بنا کر مجموعی طور پر 333 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے جبکہ ابھی اس کی ایک وکٹ باقی ہے۔