گریبانوں میں ہاتھ ڈالنے کی سیاست کا دور گزر چکا ہے ،عمران خان تحمل اور تدبر سے کام لے اور ذاتی مفاد کو ملکی مفاد پر ترجیح نہ دے، خورشید احمد شاہ

127
سید خورشید شاہ متفقہ طور پر خصوصی کمیٹی کے چیئرمین منتخب
سید خورشید شاہ متفقہ طور پر خصوصی کمیٹی کے چیئرمین منتخب

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ گریبانوں میں ہاتھ ڈالنے کی سیاست کا دور گزر چکا ہے اس لئے عمران خان کو چاہئے کہ وہ تحمل اور تدبر سے کام لے اور ذاتی مفاد کو ملکی مفاد پر ترجیح نہ دے۔ بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کی قدر و قیمت سے واقف ہیں اور ہم پارلیمنٹ، جمہوریت اور اَئین پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کی معیشت اور سیاست کا دشمن ہے اور سیاست میں اس کی انٹری انہی مقاصد کیلئے ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ یہ وہی شخص ہے جو پارلیمنٹ کے سامنے کبھی حکومت کو امپائر سے ڈراتا تھا اور کبھی اسٹیٹ ٹیلی ویژن پر حملے کراتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اُس وقت میں اور آج کے وقت میں بہت فرق ہے اور اب قانون شکن کیلئے قانون سے بچ نکلنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2014 کی طرح 2022 میں بھی عمران خان اپنے ناکام مارچ کے بعد ایک بار پھر پارلیمنٹ کا رُخ کرے گا اور 2014کی طرح غیر حاضری کے باوجود تنخواہیں بھی وصول کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کی عدم شمولیت کی وجہ سے عمران خان کا سست رفتار اور آرام پسند مارچ ناکام ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ عوام سے پوچھیں کہ وہ عمران خان کے کسی ایک ایسے قول کا بتائیں کہ جس کی اس نے خود نفی نہ کی ہو تو ان کے پاس اس سوال کا کوئی جواب نہیں ہوگا تو پھر ایسے شخص سے خیر کی کوئی توقع نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ان کا مشورہ ہے کہ وہ منفی سیاست کو چھوڑ کر عوام اور جمہوریت کیلئے مثبت سیاسی کردار ادا کریں۔