گزشتہ حکومت گوادر میں پانی و بجلی کا کوئی بھی منصوبہ مکمل کرنے میں ناکام رہی، اربوں روپے اور قیمتی وقت ضائع کیا، وزیراعظم

241

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت گوادر میں پانی و بجلی کا کوئی بھی منصوبہ مکمل کرنے میں ناکام رہی، اربوں روپے اور قیمتی وقت ضائع کیا، گوادر ائیر پورٹ اور گوادر بندرگاہ کی صورتحال اچھی نہیں، پاکستان کی ترقی بلوچستان میں امن ، استحکام اور ترقی سے منسلک ہے۔

ہفتہ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ گوادر کے دورے کے دوران میں نے دیکھا کہ کس طرح پی ٹی آئی حکومت نےگوادر کے لوگوں کو مایوس کیا۔ اربوں روپے اور قیمتی وقت ضائع کیاگیا۔ گوادر کی بندرگاہ کے لئے بڑی قربانیاں دینے والے مقامی افراد کے لئے پانی و بجلی کے مسائل کے حل کے لئے کوئی بھی منصوبہ مکمل نہیں کیاجا سکا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گوادر کی بندرگاہ اور گوادر ہوائی اڈے کی تعمیر کی صورتحال بھی ٹھیک نہیں ہے۔ بندرگاہ پر کوئی ڈریجنگ نہیں کی گئی جس کی وجہ سے کوئی بڑا کارگو جہاز لنگر انداز نہیں ہو سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گوادر یونیورسٹی، ایئرپورٹ اور پینے کے صاف پانی کے لیے ڈی سیلی نیشن پلانٹ کی تنصیب کی جلد تکمیل کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی ترقی بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سے منسلک ہے۔ اتحادی حکومت بلوچستان کی صوبائی حکومت اور مقامی عمائدین کے ساتھ مل کرمستقبل کے لائحہ عمل کے تعین کے لئے پرعزم ہے