کراچی۔ 19 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نےچالیس اوورکرکٹ گلوبل کپ2023کا افتتاح کردیا، پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر انتظام گلوبل کپ کی گورنر ہائوس میں منعقدہ پروقار افتتاحی تقریب میں معروف کرکٹر جاوید میانداد ،مصباح الحق ،معین خان ، محمد سمیع،ایونٹ میں حصہ لینے والی مختلف غیر ملکی ٹیموں کے کھلاڑی،معززین شہر اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
چالیس اوور sکرکٹ گلوبل کپ2023کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اس تقریب میں شریک فخر پاکستان جاوید میانداد، معین خان ، محمد سمیع اور بیرون ملک سے آئے کھلاڑیوں اور معزز مہمانوں کو گورنر ہائوس میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ اس طرح کے ایونٹ پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے دکھانے کی اچھی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑے فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد کراچی کے پانچ میدانوں میں ہورہا ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گورنر سندھ کی حیثیت سے اس ٹورنامنٹ کے لیے میں اپنی ہر طرح کی حمایت کا یقین دلاتا ہوں، میں سندھ حکومت اور سیکورٹی حکام کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ جو اس ایونٹ اور خصوصا ہمارے غیر ملکی مہمانوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، یہ میرے اور پاکستانی قوم کے لیے فخر کی بات ہے کہ آج ہمارے پاس اوور 60ٹیم موجود ہے جس کی قیادت فواد اعجاز خان کر رہے ہیں۔ جس نے گزشتہ سال آسٹریلیا میں اوور 60ورلڈ کپ جیتا تھا جس پر ان سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔
میری خواہش ہے کہ اس طرح کے مزید ٹورنامنٹ منعقد کیے جائیں تاکہ میرے ملک کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے مزید اجاگر ہو۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کام کوئی بھی ہو نیک نیتی کے بغیر پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا،اچھے کام میں ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے، ہم اچھا کام کرنا چاہتے ہیں لیکن مسائل کھڑے کر دیئے جاتے ہیں، ہم سب کچھ بن گئے لیکن اچھے پاکستانی نہیں بن سکے،آیئے وعدہ کریں ہم سب نے اس وطن کو عزت دلانی ہے، اگر کچھ کرنا ہے تو اپنے پاکستان کے لیے کرنا ہے، ہمیں ایک قوم بن کے ملک کو آگے لے کر جانا ہے ۔
واضح رہے کہ اس کرکٹ گلوبل کپ 2023میں پاکستان سمیت 8ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، کینیڈا، یو ایس اے، یو اے ای ہانگ کانگ اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اوور 40sکرکٹ گلوبل کپ کے 36میچز کراچی کے 5مختلف گرائونڈز میں کھیلے جائیں گے، سیمی فائنل اور فائنل میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا جو کہ پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔