گلگت بلتستان میں سیاحت کی تیز تر ترقی کےلئے مزید اقدامات کئے جانے چاہیئں، صدرمملکت عارف علوی

78

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گلگت بلتستان ہر لحاظ سے پاکستان کا ایک ذرخیز خطہ ہے، یہاں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں، جس کی تیز تر ترقی کیلئے مزید اقدامات کئے جانے چاہیئں۔

ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کے ممبران سے ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ ایک اچھی حکومت کی یہ پہچان ہے کہ وہ ترقی کے سفر میں تیزی سے آ گے بڑھتی ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں پاکستان کی ترقی کے بارے میں پر امید ہوں،کورونا وائرس کی وبا میں بھی ہم نے دنیا کے کئی ممالک سے زیادہ ترقی کی ہے،ہم میں ہر لحاظ سے آگے بڑھنے کی صلاحیت موجود ہے اور ملک کا مستقبل روشن ہے۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سیاحت اور دیگر میدان میں وسائل کے مقابلے میں ہنر مند افراد کی قلت ہے۔اس لئے ان وسائل کو موثر طریقے سے بروئے کار لانے اور علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ہنر مند افراد کی ضرورت ہوگی۔بلتستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تعیناتی سے متعلق صدر مملکت نے کہا ہے کہ علاقے میں معیاری تعلیم فراہم کرنے اور یونیورسٹی میں پیشہ ورانہ قیادت کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی قابل، اہل اور موزوں شخصیت کی تقرری کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے گلگت بلتستان کے دوسرے اضلاع میں بھی ممبران کے مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے قراقرم یونیورسٹی اور بلتستان یورنیورسٹی کے کیمپس قائم کئے جائیں گے ۔ صدر مملکت نے گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے ضروری وسائل کی فراہمی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور گلگت بلتستان اسمبلی کے ممبران جن میں حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کے ممبران بھی موجود تھے