گندم کی کاشت اورآئندہ سال کیلئے مقرر کردہ پیداواری اہداف کا حصول ممکن بنایا جائے گا،ڈائریکٹر زراعت

Department of Agriculture

فیصل آباد ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمید نے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران و فیلڈ سٹاف ممبران گندم کے کاشتکاروں کوجدیدٹیکنالوجی سے استفادہ کی ترغیب دے رہے ہیں تاکہ گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول سمیت آئندہ سال کیلئے مقرر کردہ گندم کے پیداواری اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی روز افزوں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر غذائی پیدوار میں خاطر خواہ اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی غذائی ضروریات میں خود کفیل ہو سکیں اور اضافی گندم برآمد کر کے ملک کو قیمتی زر مبادلہ کمانے کے قابل بھی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ زراعت کو تمام وسائل فراہم کر رہی ہے لہٰذا وہ بھی کاشتکاروں کو تمام سہولیات کی بہم رسانی یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانے کی غرض سے گاؤں اور تحصیل مراکز کی سطح پر فارمرز ڈیز کا بھی انعقاد کیا جارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر مطلوبہ کھادوں کی دستیابی میں کمی کی کوئی شکائت ہو تو فوری طور پر متعلقہ ضلع کے ڈی او زراعت اور ڈی سی سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدائت کی کہ وہ محکمہ زراعت کے مشوروں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں تاکہ پاکستان کو غذائی خود کفالت سے ہمکنار کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی گندم برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جا سکے۔