اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ گوجر خان کے عوام کو پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عزت دی ہے، ایک سابق وزیراعظم، سابق وفاقی وزیر اور اسپیکر قومی اسمبلی کا تعلق گوجر خان سے ہونا گوجر خان کے عوام کے لیے بڑا اعزاز ہے، گوجر خان کی عوام کے فلاح و بہبود اور ترقی کو میں ہمیشہ اپنا اولین مقصد سمجھا ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی نے اتوار کے روز گوجر خان کے گائوں کھلا بٹ یونین کونسل جرموٹ کلاں کے دورہ ، سڑک کا افتتاح اور ورکرز کنونشن سے خطاب کے موقع پر کیا۔اس موقع پر کھلا بٹ کے گائوں کے معززین نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور امیدوار صوبائی اسمبلی راجہ خرم پرویز راجہ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور آئندہ انتخابات میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
ورکر کنونشن میں راجہ جاوید اشرف، بیرسٹر شاہ رخ پرویز راجہ، چوہدری اعظم پرویز اور چیئرمین عرفان عزیز بھی ہمراہ موجود تھے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوجر خان کی عوام کو پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عزت دی ہے۔انہوں نے کہا ایک سابق وزیراعظم، سابق وفاقی وزیر اور اسپیکر قومی اسمبلی کا تعلق گوجر خان سے ہونا گوجر خان کی عوام کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوجر خان کی عوام کے فلاح و بہبود اور ترقی کو میں ہمیشہ اپنا اولین مقصد سمجھا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئند الیکشن میں جیت گوجر خان کے عوام کی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے ایسے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کرنا چاہیے جو عوام کے دکھ درد اور غمی خوشی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت گوجر خان کے عوام کو تعلیم، صحت، بجلی، گیس سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی میں سہولیات کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبے لگائے گئے ہیں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر زندگی کی تمام سہولیات میسر ہوں۔