27.7 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںگورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا سی ایم ایچ پشاور کا دورہ ،...

گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا سی ایم ایچ پشاور کا دورہ ، ورسک روڈ دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی

- Advertisement -

پشاور۔ 11 ستمبر (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے پیرکے روز سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور ورسک روڈ پرسیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکہ میں زخمیوں کی عیادت کی۔گورنرزخمیوں سے فرداً فرداًملے اور ان کاحوصلہ بڑھایا۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے زخمیوں کودی جانیوالی طبی سہولیات کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کیں۔ انہوں نے اس موقع پر ورسک روڈ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکار کی درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اورعوام کی قربانیوں کو نہ صرف ہمیشہ یاد رکھاجائیگا بلکہ پوری قوم انکی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔علاوہ ازیں گورنرحاجی غلام علی سے چیئرمین گورنر انسپکشن ٹیم ڈاکٹر سعد سکندر خان نے پیر کے روز گورنرہاوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین نے ادارہ کی مجموعی کارکردگی، مختلف یونیورسٹیوں میں مالی و انتظامی بے قاعدگیوں، طلبہ و عوامی شکایات پر ہونیوالی مختلف انکوائریز سے متعلق گورنر کو آگاہ کیا۔

- Advertisement -

ملاقات میں یونیورسٹیوں میں ضرورت سے زیادہ اسٹاف ہونے اور طلبہ کی تعداد کم ہونے سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ گورنر نے اس موقع پر چیئرمین جی آئی ٹی کو یونیورسٹیوں میں اکیڈمک پروگرام، مالی وسائل،اسٹاف اور طلبہ کی تعداد بیلنس ہونے سے متعلق ایک مفصل رپورٹ تیار کرنے اور پیش کرنے کی ہدایت کی۔گورنرکاکہناتھاکہ یہ عہدے ملک و قوم کی امانت ہیں، ایمانداری سے فرائض کی ادائیگی ہم سب کا مشن ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں کی موجودہ مالی مسائل افسوسناک ہے،پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں کی صورتحال کو دیکھ کر دکھ ہوتاہے۔ یونیورسٹیوں سے ملک کا مستقبل تیار ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹیوں کا تعلیمی معیار بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مالی و انتظامی معاملات کو بہتر بنانا بھی ہماری،وی سی صاحبان اورفیکلٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہے اور اس کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

گورنرنے کہاکہ انکوائریز میں تمام حقائق کو دیکھنا چاہئے اورہرپہلو پر نظررکھنی ہوگی،اساتذہ اور فیکلٹی اراکین ہمارے لئے قابل احترام ہیں،اس بات کا خاص خیال رکھاجائے کہ کسی کو بے جا پریشان نہ کیاجائے اور نہ کسی کی کردار کشی کی جائے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=389307

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں