کراچی۔ 03 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اٹلی کی کمپنی کی جانب سے جہاز سازی کے منصوبوں کے لئے ویلڈرز بھرتی کرنے کی پیش کش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ویلڈرز کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔
گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کےمطابق ان خیالات کا اظہار فن کانٹیری گروپ کے صدر جین کلاڈیا گرایانو کی سربراہی میں گورنر ہاؤس آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اٹلی کے سفیراینڈریاز فراریاور قونصل جنرل بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں پاک۔ اٹلی تعلقات، ان میں اضافہ کے اقدامات، صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،پاک۔اٹلی تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول دستیاب ہے،
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اٹلی کے سرمایہ کار خصوصاً ملک کے معاشی حب کراچی میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں،انہیں اس ضمن میں ہرممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔اٹالین کمپنی کے صدر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ گروپ کو اپنے جہاز سازی کے پروجیکٹس کے لئے ویلڈرز کی ضرورت ہے،اس ضمن میں صوبہ سندھ سے ویلڈرز کو خوش آمدید کہا جائے گا۔ گورنر سندھ نے اس پیش کش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کے لئے صوبہ سے ویلڈرز کو بھیجا جائے گا۔