گورنر سندھ کا سوبھراج میٹرنٹی ہسپتال کا دورہ، مریضوں کی خیریت دریافت کی

124

کراچی ۔26جنوری (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن کے ہمراہ سوبھراج میٹرنٹی ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف وارڈ میں گئے۔ گورنر سندھ نے ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کےمطابق بعد ازاں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مدر کیئر یونٹ اور نو تزئین شدہ الٹرا سائونڈ یونٹ کا بھی افتتاح کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سوبھراج میٹرنٹی ایک قدیم ہسپتال ہے جبکہ کراچی کے شہریوں کے لئے سوبھراج ہسپتال کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اس ضمن میں سوبھراج میٹرنٹی ہسپتال کو زچہ و بچہ کے لئے مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کی آبادی کے پیش نظر بڑے پیمانے پر طبی سہولتیں درکار ہیں۔