گورنر سندھ کا ڈاکٹر محمد اقبال کی 83 ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ علامہ اقبال کی تصویری نمائش کا افتتاح

87
گورنر سندھ کا ڈاکٹر محمد اقبال کی 83 ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ علامہ اقبال کی تصویری نمائش کا افتتاح
گورنر سندھ کا ڈاکٹر محمد اقبال کی 83 ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ علامہ اقبال کی تصویری نمائش کا افتتاح

کراچی۔13اپریل (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈیمپ )کراچی کے زیر اہتمام ڈاکٹر محمد اقبال کی 83 ویں برسی کے سلسلے میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے علامہ اقبال کی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔

منگل کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اففتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں آزادی کے مقصد کو اپنی زندگی میں تبدیل کرنا چاہئے کیونکہ ہمارے قومی ہیروز کے اصولوں پر عمل کرنے کا یہی صحیح وقت ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح ، علامہ محمد اقبال اور پاکستان کے دیگر رہنمائوں نے پاکستان کو مثالی ملک کے طور پر تصور کیا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ایک فلاحی اسلامی ریاست ، بدعنوانی ، اقربا پروری سے پاک معاشرہ ہی اقبال کا خواب تھا اور وزیر اعظم عمران خان ان کے فلسفہ کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے سخت جدوجہد کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی نمائشوں کا انعقاد تعلیمی اداروں میں بھی کیا جانا چاہئیے تاکہ ہماری نوجوان نسل کو قیام پاکستان اور اس کے مقاصد کے بارے میں معلوم ہوسکے۔ انہوں نے ڈیمپ ، وزارت انفارمیشن اینڈ براڈکاسٹنگ اسلام آباد کی اس کاوش کو سراہا۔

بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم جلد ہی صوبے سندھ کے دیگر شہروں اور بالخصوص دیہی علاقوں کے لئے بہت جلد سندھ کے دورے کے دوران ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کراچی سمیت پورے سندھ کی ترقی کے لئے مخلص ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاق کے پاس جو منصوبے ہیں ان پر کام شروع ہوچکا ہے۔ گرین بسیں رواں سال جولائی تک سڑکوں پر آجائیں گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا ۔